Business

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض منظور کرلیا

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض منظور کرلیا
۱۵ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی کے جدید نظام قائم کیے جائیں گے۔

 

عالمی بینک کے مطابق 30 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت سے سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے۔

 

منصوبے میں نکاسی آب اور صفائی کے جدید نظام کی تعمیر اور بہتری بھی شامل ہے، تاکہ دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی اور صفائی کی بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

 

عالمی بینک کے مطابق اس منصوبے کے تحت سندھ کی 80 فیصد دیہی آبادی کو پانی کی فراہمی اور صفائی کی پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں پانی اور صفائی کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ صحت عامہ کے مسائل میں کمی لانا بھی ہے۔

 

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے سندھ میں بچوں کی غذائی کمی اور جسمانی نشوونما سے متعلق مسائل کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

 

عالمی بینک کے مطابق دیہی سندھ میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے جسمانی نشوونما میں کمی، یعنی سٹنٹنگ، کا شکار ہیں۔

 

صاف پانی اور صفائی کی بہتر سہولتوں کے ذریعے بچوں کی صحت اور نشوونما پر منفی اثر ڈالنے والے عوامل کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

عالمی بینک نے بتایا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی اور صفائی کی سہولتوں کی بہتری کے لیے 10 سالہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

 

یہ منصوبہ مجموعی طور پر چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس کے پہلے مرحلے پر 54 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔

 

پہلے مرحلے کے لیے عالمی بینک 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 15 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی جائے گی۔

 

اسی طرح سندھ حکومت منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے نو کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔اس طرح عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور سندھ حکومت کی مشترکہ مالی معاونت سے پہلے مرحلے کے لیے مجموعی طور پر 54 کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے۔

 

منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے پانی کی فراہمی کے نظام، نکاسی آب اور صفائی کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

 

عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں اس وقت اس کے تعاون سے 47 منصوبے جاری ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 16 ارب 10 کروڑ ڈالر، یعنی 16.1 ارب ڈالر ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں