پاکستان کا بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک کو نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 20 سے 22 نومبر تک بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کرے گا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ تین روزہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک کریں گے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران تہذیبوں کے درمیان مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور مختلف معاشروں کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پر تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ذریعے تہذیبی مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ترجمان نے تصدیق کی کہ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔