Pakistan

میر رضا کیس کی تحقیقات میں مبینہ غفلت، سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی پولیس سے برطرف

میر رضا کیس کی تحقیقات میں مبینہ غفلت، سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی پولیس سے برطرف
۷ گھنٹے پہلے

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کیس کی تحقیقات میں مبینہ غفلت برتنے پر سابق ایس ایچ او گلستان جوہر، سب انسپکٹر کامران قریشی کو محکمہ پولیس سے برطرف کردیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے میر رضا کیس کی تحقیقات میں غفلت کے معاملے پر سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر کامران قریشی کی برطرفی کے احکامات جاری کیے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمانہ کارروائی کے دوران میر رضا کی لاش ملنے کے بعد پولیس کے ابتدائی اقدامات اور جائے وقوعہ سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

تحقیقات کے دوران یہ سوال بھی سامنے آیا کہ میر رضا کی لاش ملنے کے مقام پر اس وقت کے ایس ایچ او گلستان جوہر کیوں نہیں پہنچے تھے۔میر رضا کیس کی تحقیقات میں پولیس کی جانب سے مبینہ غفلت کے معاملے پر متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی۔

 

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق میر رضا جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سب انسپکٹر کامران قریشی پر الزامات عائد کیے گئے تھے۔رپورٹ میں سابق ایس ایچ او پر میر رضا کی لاش ملنے کے مقام کو محفوظ نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

 

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے الزامات اور تحقیقات میں مبینہ غفلت کے معاملے پر سب انسپکٹر کامران قریشی کو محکمہ پولیس سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں