50 سال پرانے انتظامی نظام سے چمٹے رہنا درست نہیں، احسن اقبال
نارووال: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، انتظامی نظام کو عوامی ضروریات اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 50 سال پرانے انتظامی نظام سے چمٹے رہنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران ملک کی آبادی، وسائل اور عالمی حالات میں نمایاں تبدیلیاں آچکی ہیں، اس لیے انتظامی نظام کو بھی موجودہ تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے حالات اور عوامی ضروریات کے پیش نظر ملک کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اصلاحات ایک مسلسل عمل ہے، جسے کسی صورت روکنا نہیں چاہیے، بلکہ وقت کے ساتھ انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔
انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ سیاستدان وسیع تر قومی مفاد میں مل بیٹھ کر اہم معاملات پر اتفاق رائے پیدا کریں۔
وفاقی وزیر کے مطابق قومی مکالمے کے ذریعے انتظامی اصلاحات کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جاسکتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے اور ایک مضبوط قانونی نظام قومی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے وکلا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلا جمہوریت کا مضبوط ستون ہیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بار اور بینچ کے درمیان تعاون سے انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔