Pakistan

صدر زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
۵ گھنٹے پہلے

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی ماڈل ٹاؤن آمد پر ان کا استقبال کیا۔

 

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، معاشی معاملات اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے دورۂ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز، یعنی کوپ 31، میں شرکت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

 

دونوں رہنماؤں کے درمیان اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون اور اہم قومی معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

 

ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ان منصوبوں سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں معاشی استحکام کے فروغ اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

 

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں