Breaking News

ایک شناختی کارڈ پر وائس سمز کی حد 5 سے 3 کرنے کی تجویز، ڈیٹا سمز بڑھانے پر غور

ایک شناختی کارڈ پر وائس سمز کی حد 5 سے 3 کرنے کی تجویز، ڈیٹا سمز بڑھانے پر غور
۶ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سائبر جرائم کی روک تھام اور فائیو جی ٹیکنالوجی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر ایک شناختی کارڈ پر وائس سمز کی مقررہ تعداد پانچ سے کم کرکے تین کرنے اور ڈیٹا سمز کی حد بڑھانے پر اصولی غور شروع کردیا ہے۔

 

پی ٹی اے حکام کے مطابق موجودہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں ایک قومی شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر آٹھ سمز جاری کرنے کی اجازت ہے، جن میں پانچ وائس سمز اور تین ڈیٹا سمز شامل ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہی شناختی کارڈ پر زیادہ تعداد میں وائس سمز کے اجرا سے ان کے غلط استعمال اور سائبر جرائم میں استعمال ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

 

اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس سمز کی موجودہ حد پانچ سے کم کرکے تین کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔

 

پی ٹی اے حکام کے مطابق عمومی مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک صارف بیک وقت عموماً دو سے تین وائس سمز ہی استعمال کرتا ہے۔

 

حکام کا مؤقف ہے کہ ایک شناختی کارڈ پر تین وائس سمز کی اجازت دینے سے عام صارفین کو زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں گی، جبکہ سمز کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔

 

دوسری جانب پی ٹی اے نے ایک قومی شناختی کارڈ پر ڈیٹا سمز کی موجودہ حد تین سے بڑھانے کی تجویز پر بھی سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔

 

حکام کے مطابق پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے کے بعد انٹرنیٹ آف تھنگز، یعنی آئی او ٹی، سے متعلق خدمات کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔

 

فائیو جی کے ذریعے مختلف جدید ڈیوائسز کو آپس میں منسلک رکھنے اور انٹرنیٹ پر مبنی سہولتوں کے استعمال کے لیے زیادہ ڈیٹا سمز کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

 

پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل کی ڈیجیٹل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وائس اور ڈیٹا سمز کے موجودہ تناسب پر نظرثانی ضروری سمجھی جارہی ہے۔

 

حکام کے مطابق سمز کی مقررہ تعداد میں تبدیلی سے متعلق تجاویز پر تمام موبائل فون آپریٹرز اور ٹیلی کام کمپنیوں سے مشاورت کی جائے گی۔

 

مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد ہی وائس اور ڈیٹا سمز کی نئی حدود سے متعلق حتمی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ ماضی میں بھی قومی سلامتی اور جعلی سمز کی روک تھام کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کو سخت کیا گیا تھا۔

 

پی ٹی اے اب بدلتی ہوئی ڈیجیٹل ضروریات اور سائبر جرائم کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس اور ڈیٹا سمز کے تناسب میں توازن لانے کی کوشش کررہا ہے۔

 

تاہم وائس سمز کی تعداد تین کرنے اور ڈیٹا سمز کی حد بڑھانے کی تجاویز ابھی زیر غور ہیں، ان پر کوئی حتمی فیصلہ یا نئی پالیسی نافذ نہیں کی گئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں