شاہ سلمان نے یمن میں سعودی فوجی اتحاد کے کمانڈر کو تبدیل کردیا
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد السلمان کو ان کے عہدے سے ہٹا کر نئی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی انصار اللہ گروپ نے یمن کے شہر عدن کی جانب پیش قدمی کی ہے، جبکہ حکومتی فورسز نے سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے باب المندب کے قریب مزید علاقوں سے انخلا کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان کو وزیر دفاع کا عسکری امور کا مشیر مقرر کردیا گیا ہے۔
اسی فرمان کے تحت چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد بن رقاد الرویلی کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ مشترکہ افواج کے کمانڈر کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل فہد السلمان کو اگست 2024 میں یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کی مشترکہ افواج کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے مارچ 2015 میں یمن کی حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت شروع کی تھی۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی اتحاد کی فضائی اور عسکری معاونت کے باوجود یمنی حکومتی فورسز کو بھاری جانی اور عسکری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
اس دوران حکومتی فورسز کو کئی اہم علاقوں سے پیچھے ہٹنا پڑا، جبکہ حوثی جنگجوؤں کی پیش قدمی کے باعث مختلف محاذوں پر لڑائی میں شدت آئی ہے۔
یہ پیش رفت گزشتہ ستمبر میں حوثی انصار اللہ گروپ کے اچانک حملے کے بعد سامنے آئی، جس کے نتیجے میں حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی ساحلی علاقوں اور آبنائے باب المندب کے اطراف کے بعض علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔
آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملانے والی اہم بحری گزرگاہ ہے، جس کے اطراف کے علاقوں کو عسکری اور تجارتی اعتبار سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ اور ریاض کے علاقوں کی طرف بھیجے گئے دو ڈرونز کو فضا میں روک کر تباہ کردیا ہے۔
سعودی اتحاد کے اس دعوے کے بعد فریقین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف عسکری کارروائیوں سے متعلق بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں 88 حملے کیے ہیں۔
حوثی ترجمان کے مطابق ان حملوں میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔حوثیوں کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے سعودی فضائی حملوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 183 تک پہنچ گئی ہے۔