ایپسٹین کی موت پھانسی سے نہیں گلا دبانے سے ہوئی، دوبارہ تحقیقات ہونی چاہییں، ڈاکٹر مائیکل بیڈن
بدنام زمانہ امریکی فنانسر جیفری ایپسٹین کی 2019 میں نیویارک کی جیل میں ہونے والی موت ایک بار پھر سوالات کی زد میں آگئی ہے، جہاں ان کے خاندان کی جانب سے پوسٹ مارٹم کا مشاہدہ کرنے والے فرانزک ماہر ڈاکٹر مائیکل بیڈن نے سرکاری خودکشی کے نتیجے سے اختلاف کرتے ہوئے دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ان کے نزدیک ایپسٹین کی موت پھانسی سے نہیں بلکہ گلا دبائے جانے سے ہوئی۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر مائیکل بیڈن نے کہا کہ ان کے نزدیک دستیاب فرانزک شواہد پھانسی کے ذریعے خودکشی کے بجائے گلا دبائے جانے سے ہونے والی موت کی طرف زیادہ اشارہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایپسٹین کی موت کے اصل حالات جاننے کے لیے معاملے کی دوبارہ مکمل تحقیقات ہونی چاہییں۔ تاہم ان کی رائے سرکاری نتائج سے مختلف ہے اور اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ایپسٹین کو قتل کیا گیا تھا۔
جیفری ایپسٹین کو جنسی اسمگلنگ کے وفاقی الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا تھا اور وہ اگست 2019 میں نیویارک کے میٹروپولیٹن اصلاحی مرکز میں قید تھے، جہاں انہیں اپنے سیل میں بے ہوش پایا گیا تھا۔
اس وقت نیویارک کے میڈیکل ایگزامنر آفس نے ایپسٹین کی موت کو پھانسی کے ذریعے خودکشی قرار دیا تھا۔ڈاکٹر مائیکل بیڈن نے خود ایپسٹین کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا تھا، تاہم وہ ان کے خاندان کی نمائندگی کرتے ہوئے بطور مبصر پوسٹ مارٹم کے دوران موجود تھے۔
ڈاکٹر بیڈن کے مطابق ابتدائی طور پر یہ رائے سامنے آئی تھی کہ موت کی اصل وجہ اور نوعیت کا تعین کرنے کے لیے مزید معلومات درکار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چند روز بعد اس وقت کی چیف میڈیکل ایگزامنر باربرا سیمپسن نے ایپسٹین کی موت کو خودکشی قرار دے دیا، حالانکہ وہ خود پوسٹ مارٹم کے دوران موجود نہیں تھیں۔
ڈاکٹر بیڈن نے ایپسٹین کی گردن میں پائے جانے والے تین فریکچرز کو اپنے مؤقف کی اہم بنیاد قرار دیا ہے، جن میں ہائیوئیڈ ہڈی اور تھائیرائیڈ کارٹلیج کے حصے شامل تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 50 سالہ فرانزک کیریئر میں انہوں نے خودکشی کے لیے پھانسی لگانے کے کسی کیس میں گردن کے اس نوعیت کے متعدد فریکچرز نہیں دیکھے، خصوصاً جیلوں میں ہونے والی اموات کے معاملات میں۔
ڈاکٹر مائیکل بیڈن نے 2019 میں بھی امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرکاری خودکشی کے نتیجے پر سوالات اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ ان کے نزدیک شواہد گلا دبائے جانے سے موت کی جانب زیادہ اشارہ کرتے ہیں۔
ایپسٹین کے وکلا نے بھی اس وقت میڈیکل ایگزامنر کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔بعد ازاں امریکی محکمہ انصاف کے دفتر برائے انسپکٹر جنرل کی تحقیقات میں میٹروپولیٹن اصلاحی مرکز کے انتظامی اور سکیورٹی نظام میں سنگین کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایپسٹین کے سیل میں اضافی کمبل اور کپڑے موجود تھے، جن میں سے بعض کو پھندے جیسی شکل دی گئی تھی۔رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ جیل حکام کی جانب سے قیدیوں کی نگرانی اور لازمی معائنے مقررہ طریقہ کار کے مطابق نہیں کیے گئے۔
ایپسٹین کی موت سے ایک روز قبل ان کے سیل میٹ کو دوسری جگہ منتقل کردیا گیا تھا، تاہم ان کے ساتھ کوئی نیا قیدی نہیں رکھا گیا۔تحقیقات کے مطابق رات کے دوران جیل اہلکاروں نے لازمی چیکنگ نہیں کی، جبکہ بعد میں سرکاری ریکارڈ میں غلط اندراجات کرکے ظاہر کیا گیا کہ معائنے کیے گئے تھے۔
اگلی صبح دو جیل اہلکاروں نے ایپسٹین کو سیل میں بے ہوش حالت میں پایا، جبکہ ان کی گردن کے گرد نارنجی رنگ کا کپڑا موجود تھا۔انہیں بچانے کی کوشش کی گئی اور ہنگامی طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، جہاں ان کی موت کی تصدیق ہوئی۔
بعد ازاں دونوں جیل اہلکاروں پر سرکاری ریکارڈ میں جعل سازی سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے۔تحقیقات کے دوران نگرانی کی ایک ویڈیو میں نظر آنے والی نارنجی رنگ کی جھلک کے بارے میں بھی سوالات سامنے آئے۔
رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے اس کے ممکنہ طور پر کسی قیدی سے متعلق ہونے کا امکان ظاہر کیا، جبکہ انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں اسے ایک نامعلوم جیل اہلکار کے طور پر بیان کیا گیا۔
اس وقت کے امریکی اٹارنی جنرل بل بر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ متعلقہ رات کوئی بھی شخص ایپسٹین کے سیل والے حصے میں داخل نہیں ہوا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف کے انسپکٹر جنرل کی تحقیقات میں جیل انتظامیہ کی سنگین غفلت اور قواعد کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی ضرور ہوئی، تاہم ان تحقیقات میں یہ ثابت نہیں ہوا کہ ایپسٹین کو قتل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر مائیکل بیڈن کی جانب سے تازہ مطالبے کے بعد ایپسٹین کی موت کے فرانزک شواہد اور جیل کی سکیورٹی میں سامنے آنے والی خامیوں پر بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ تاہم سرکاری طور پر ایپسٹین کی موت اب بھی خودکشی قرار دی جاتی ہے اور تحقیقات دوبارہ کھولے جانے کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔