امریکی صدر ٹرمپ دورہ چین سے قبل فلپائن پہنچ گئے، منیلا میں احتجاجی مظاہرے جاری
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے اہم دورے سے قبل فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے، جہاں ان کی آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ منگل کی سہ پہر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر منیلا پہنچے۔ وہ امریکا اور آسیان کے خصوصی اجلاس کے علاوہ دو سال کے وقفے کے بعد ہونے والے کواڈ سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ٹرمپ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ چین پر جاسوسی کے الزامات اور جدید مصنوعی ذہانت کی چپس تک اس کی رسائی محدود کرنے کے امریکی اقدامات سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔
امریکی صدر کی آمد سے قبل منیلا میں مسلسل پانچویں روز احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ٹرمپ کے پتلے نذر آتش کیے، مشرق وسطیٰ کی جنگ ختم کرنے اور امریکا کی قیادت میں شروع کیے گئے پیکس سلیکا سپلائی چین منصوبے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
کواڈ اجلاس میں امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے رہنما شرکت کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق بطور صدر ٹرمپ کی ان رہنماؤں کے ساتھ یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
اجلاس میں سمندری سلامتی، اہم معدنیات کی فراہمی، برآمدی پابندیوں، مصنوعی ذہانت، سپلائی چین کو متنوع بنانے، زیر سمندر مواصلاتی کیبلز، نئی ٹیکنالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔
کواڈ کے رکن ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ اتحاد کسی ایک ملک کے خلاف نہیں، تاہم چین اسے اپنے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش قرار دیتا رہا ہے۔
ٹرمپ منگل کو تھائی وزیراعظم انوتن چارنویراکول کے ساتھ تجارت سے متعلق مشترکہ بیان پر بھی دستخط کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا تھائی لینڈ کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے، جہاں رواں سال اس کی مجموعی برآمدات کا 24 فیصد بھیجا گیا۔
امریکی صدر بدھ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے ملاقات کے بعد چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے، جہاں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون فورم منعقد ہوگا۔
رپورٹ میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر کے ساتھ ٹرمپ کی مجوزہ سہ فریقی ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔