پیپلز پارٹی کہتی کچھ اور کرتی کچھ ہے، اپوزیشن اتحاد کا بلاول بھٹو سے عملی اقدامات کا مطالبہ
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کہتی کچھ ہے اور عملاً کرتی کچھ اور ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی قیدیوں اور وفاقی اکائیوں کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا ہے، اپوزیشن بھی وہی بات کررہی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے جمہوریت کے لیے عملی اقدامات کرنے اور اپنا سیاسی مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی الفاظ کی حد تک کچھ کہتی ہے، لیکن عملی طور پر اس کا رویہ مختلف ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا اور واضح کرنا ہوگا کہ وہ کہاں کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد ختم ہونے کی ذمہ داری بھی بلاول بھٹو نے لی ہے، اب وہ اپنے مؤقف کو ثابت کریں، میدان اور گھوڑا دونوں حاضر ہیں، سامنے آئیں۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو جمہوری انداز اپناتے ہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اور اپوزیشن ان کے ساتھ چلے گی، تاہم ہماری ایک شرط ہے کہ پیپلز پارٹی کو صرف بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف ایک ہی حکومت میں شامل ہیں، لیکن دونوں کے درمیان بھی باہمی اعتماد کی کمی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بنیادی طور پر جو باتیں کی ہیں، ان سے اختلاف نہیں کیا جاسکتا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کا ذکر کیا، جبکہ قیدیوں اور وفاقی اکائیوں کے بارے میں ان کا مؤقف بھی وہی ہے جو اپوزیشن پیش کررہی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر الزام لگانے والوں کو جان لینا چاہیے کہ انہوں نے جیل میں رہتے ہوئے اپنے عمل سے اپنا مؤقف ثابت کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس سیاسی جدوجہد میں جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی قیادت سے رابطے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ جب بلاول بھٹو زرداری محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے لیے آئے تھے تو ہم نے اس وقت بھی ان سے کہا تھا کہ جمہوریت کے لیے عملی اقدامات کریں۔