Pakistan

کاروبار اور معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کی استعداد بڑھانا ناگزیر ہے، وزیراعظم شہباز شریف

کاروبار اور معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کی استعداد بڑھانا ناگزیر ہے، وزیراعظم شہباز شریف
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی میں ملکی بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے، پاکستان کو خطے میں ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل اور کلیئرنس کے نظام کو جدید بنانے، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں جامع اصلاحات اور بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ملکی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک کی بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک اور مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی بھی ہدایت کی۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں مجوزہ اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ادارے کے لیے بزنس ڈیولپمنٹ پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی این ایس سی کے اصلاحاتی اور بزنس پلان کے تحت بحری بیڑے میں جہازوں کی تعداد بڑھانے سمیت دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔

 

حکام کے مطابق اصلاحات کا بنیادی مقصد پاکستان کی سمندری کارگو کی استعداد کار کو 2030 تک دنیا کے بہترین معیار کے مطابق بنانا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں