فاطمہ اصغر قتل کیس، میڈم افشاں کے کہنے پر تشدد کیا، قاری علی کا اعتراف
اسلام آباد پولیس لائنز کی سرکاری رہائش گاہ میں مبینہ طور پر قتل ہونے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے کیس میں تفتیشی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ ملزم قاری علی نے میڈم افشاں کے کہنے پر بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا، جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم پر 20 بڑے زخموں، استری سے جلانے، مسلسل تشدد اور علاج نہ ہونے کے باعث شدید انفیکشن کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ گرفتار دونوں ملزمان نے پولیس کے سامنے ایک دوسرے سے متضاد بیانات دیے۔ ملزمہ افشاں ایک پولیس افسر کی اہلیہ اور پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ہیں، جبکہ دوسرا گرفتار ملزم قاری علی پنجاب ہائی وے پولیس کا ملازم ہے۔
ذرائع کے مطابق فاطمہ کو سر سے پاؤں تک مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تفتیش میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق بچی کی موت شدید جسمانی تشدد، گرم استری سے جلائے جانے اور زخموں کا بروقت علاج نہ کرانے کے باعث ہوئی۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ افشاں نے جرم تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فاطمہ پر کبھی تشدد نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب قاری علی نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ وہ میڈم افشاں کی ہدایت پر بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
ذرائع کے مطابق قاری علی نے بتایا کہ میڈم افشاں کا حکم تھا کہ فاطمہ پر سختی کی جائے اور اسے پڑھایا جائے، جس کے تحت وہ بچی کو جسمانی سزا دیتا تھا۔
تفتیشی ٹیم نے پولیس لائنز میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر اچانک چھاپہ مارا اور ملزمہ افشاں کی نشان دہی پر گھر سے استری برآمد کرلی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گرم استری فاطمہ کے جسم پر پھیری جاتی رہی، جبکہ قاری علی کی نشان دہی پر گھر سے چھڑیاں اور سوٹیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قاری علی نے چھڑیوں سے تشدد کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ فاطمہ گزشتہ تین سال سے میڈم افشاں کے پاس رہائش پذیر تھی۔ اس نے تین ماہ قبل بچی کو دینی تعلیم دینا شروع کی تھی اور ملازمت ختم ہونے کے خوف سے اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
دوسری جانب پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ زخموں کا علاج نہ کرانے کے باعث جسم میں شدید انفیکشن پیدا ہوگیا تھا۔ پرانے زخموں پر بار بار تشدد سے پیپ پڑگئی تھی، جبکہ مختلف زخموں میں خون جما ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق زخموں میں انفیکشن بھی موت کا سبب بنا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فاطمہ کے جسم پر 20 بڑے زخموں اور تشدد کے واضح نشانات پائے گئے، جبکہ پورا جسم تشدد کے باعث سوزش زدہ تھا۔ دل اور گردوں میں بھی خون کے لوتھڑے پائے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کے بائیں بازو پر ایک پرانا خراب شدہ زخم موجود تھا، سینے پر بھی پرانے زخموں کے نشانات تھے، جبکہ جسم پر جلنے کے زخم گرم استری سے تشدد کی نشان دہی کرتے ہیں۔ بازوؤں اور ہاتھوں پر بھی جسمانی تشدد کے واضح نشانات ملے۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں گرفتار ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم کو میرٹ پر تحقیقات مکمل کرنے اور جلد از جلد مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔