Business

عالمی منڈی میں سونا 2 فیصد سستا، قیمت ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح پر

عالمی منڈی میں سونا 2 فیصد سستا، قیمت ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح پر
۱۳ گھنٹے پہلے

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور مضبوط امریکی ڈالر اور شرح سود میں اضافے کی توقعات کے باعث سونے کے نرخ تقریباً 2 فیصد گر کر ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ امریکی فیڈرل ریزرو کے حکام کے سخت مانیٹری پالیسی سے متعلق بیانات اور امریکی ٹریژری ییلڈ میں اضافے نے بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا۔

 

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق کاروباری سیشن کے دوران سپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.9 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد سونے کی قیمت 3 ہزار 777 اعشاریہ 83 ڈالر فی اونس پر آگئی، جو ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح ہے۔

 

اسی دوران دسمبر میں ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی 2.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 3 ہزار 779 اعشاریہ 50 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔

 

اوآنڈا کے سینئر مارکیٹ تجزیہ کار کیلون وونگ کے مطابق سونے کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجوہات مارکیٹ کے رجحانات اور تکنیکی عوامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فیڈرل ریزرو کے حکام کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسی کے اشاروں اور امریکی ٹریژری ییلڈ میں اضافے نے ڈالر کو مزید مضبوط کیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر اس وقت 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب ٹریڈ کررہا ہے، جس کے باعث دیگر کرنسیوں میں خریداری کرنے والے افراد کے لیے ڈالر میں قیمت مقرر ہونے والا سونا مہنگا ہوگیا ہے اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں