Business

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن کارگو لے کرکراچی پہنچ گیا

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن کارگو لے کرکراچی پہنچ گیا
۱۱ گھنٹے پہلے

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز نئے درآمدی نظام کے تحت 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا۔ حکام کے مطابق ریکارڈ کارگو کی آمد سے ملک میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے، قیمتوں میں کمی لانے اور موسم سرما کے دوران پہاڑی و دور دراز علاقوں میں گیس کی فراہمی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

 

15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر آنے والا جہاز پورٹ قاسم کے اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا۔ نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 

تقریب میں پیٹرولیم ڈویژن کے سپیشل سیکریٹری مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سپیشل سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کی ہدایات پر عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

 

انہوں نے 15 ہزار میٹرک ٹن کے ریکارڈ کارگو کی آمد کو پاکستان کے ایل پی جی شعبے میں نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کی درآمدات میں اضافے سے مقامی مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

 

جاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کررہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے درآمدی انتظامات سے موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، جہاں سردیوں میں گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے۔

 

حکام کے مطابق آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہونے اور عوام کو قیمتوں کے حوالے سے ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

 

اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے پاکستان کے ایل پی جی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔تقریب میں ایس ایل ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر جواد علی خان، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں