Pakistan

موبائل ایپ قرضوں کی شرح منافع 67 فیصد کم کرکے سالانہ 90 فیصد مقرر

موبائل ایپ قرضوں کی شرح منافع 67 فیصد کم کرکے سالانہ 90 فیصد مقرر
۱۰ گھنٹے پہلے

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپس کے ذریعے فراہم کیے جانے والے قرضوں پر شرح منافع کی حد میں تقریباً 67 فیصد کمی کرتے ہوئے سالانہ شرح 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد مقرر کردی ہے۔ اس حوالے سے نیا سرکلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں قرضوں کی زیادہ سے زیادہ رقم، مدت اور صارفین کے تحفظ سے متعلق نئی شرائط بھی متعین کی گئی ہیں۔

 

ایس ای سی پی کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق موبائل ایپس سے حاصل کیے جانے والے قرضوں پر سالانہ شرح منافع کی زیادہ سے زیادہ حد 90 فیصد ہوگی، جو اس سے قبل 274 فیصد مقرر تھی۔

 

نئے ضوابط کے تحت 10 ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے ہوگی، جبکہ تمام فیسیں اور دیگر چارجز بھی قرض کی مقررہ لاگت میں شامل ہوں گے۔

 

ایس ای سی پی کے مطابق شرح منافع میں کمی کا مقصد قرض لینے والے صارفین کو زیادہ مالی لاگت اور قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے محفوظ رکھنا ہے۔

 

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل لون ایپس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے تک قرض فراہم کیا جاسکے گا، جبکہ قرض کی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔

 

نئے قواعد کے مطابق اگر کوئی صارف مقررہ مدت سے پہلے قرض واپس کردیتا ہے تو اس سے صرف انہی دنوں کی لاگت وصول کی جائے گی جن کے دوران قرض کی رقم اس کے پاس رہی۔ اسی طرح مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ابتدائی تین دن تک تاخیر سے ادائیگی پر کوئی جرمانہ وصول نہیں کیا جاسکے گا۔

 

ایس ای سی پی نے موبائل ایپس کے ذریعے قرض لینے والے صارفین کی ڈیجیٹل ریپازٹری قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کی مدد سے قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں کسی صارف کو نیا قرض دینے سے پہلے اس کے پہلے سے موجود قرضوں کی معلومات حاصل کرسکیں گی۔

 

کمیشن کے مطابق ڈیجیٹل ریپازٹری کے ذریعے ایسے صارفین کی نشاندہی میں مدد ملے گی جو پہلے ہی قرضوں کی ادائیگی میں مشکلات کا شکار ہیں، تاکہ قرض فراہم کرنے والے ادارے انہیں مزید قرض دینے میں احتیاط کرسکیں۔

 

ایس ای سی پی نے تمام موبائل ایپ لون کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے ضوابط کے مطابق اپنی ایپس اور متعلقہ دستاویزات 15 روز کے اندر اپ ڈیٹ کریں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں