ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، گزشتہ حکومت اسے دوبارہ واپس لائی، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، لیکن گزشتہ حکومت ملک کو دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس لے گئی۔ انہوں نے مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے پر عمل درآمد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ امیر مقام، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چودھری اور خواجہ سعد رفیق نے انتخابات کے دوران بے پناہ محنت کی۔ تمام رہنماؤں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی اور انتخابی مہم کے دوران ہی اندازہ ہو رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، تاہم گزشتہ حکومت آئی ایم ایف کو دوبارہ واپس لے آئی۔ ان کے مطابق ان کے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا اور لواری ٹنل کا منصوبہ بھی انہی کی حکومت میں مکمل ہوا، لیکن اس کا انعام انہیں حکومت کے خاتمے کی صورت میں ملا۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر کے ماضی کو انتہائی دردناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ایسی حکومتیں بھی آئیں جنہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے فراموش کردیے اور عوام کے ساتھ بے حسی کا رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم میں خدمت کا جو جذبہ موجود ہے، وہی جذبہ ان کا اپنا بھی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے۔
نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ازراہ مذاق کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ (ن) انتخابات جیت گئی تو وہ خود آزاد کشمیر کے وزیراعظم بن جائیں گے۔ اب افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود وزیراعظم بن گئے ہوں، کیونکہ جو جذبہ ان کے اندر موجود ہے، وہی افتخار گیلانی میں بھی دیکھ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں فراہم کرکے آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
انہوں نے ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناقص حکمرانی کے باعث آزاد کشمیر میں ترقی کا عمل بری طرح متاثر ہوا، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ موجودہ قیادت میں عوام کی خدمت کا جذبہ اور عزم موجود ہے۔
نواز شریف نے خیبرپختونخوا کی سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں 15 سال حکومت کرنے والوں نے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔ انہوں نے پنجاب میں مریم نواز کی کارکردگی کو بھی قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ پنجاب میں ترقی کی اصل بنیاد شہباز شریف نے رکھی تھی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ نہیں، یہ بنیاد آپ نے رکھی تھی۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں سے التوا کا شکار لواری ٹنل کا منصوبہ مکمل کرایا۔ یہ منصوبہ تقریباً 50 سال تک تعطل کا شکار رہا، لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ اسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا، چاہے اس پر 25 ارب روپے خرچ ہوں یا 50 ارب روپے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے دور حکومت میں بجلی کی قیمتیں اور افراط زر انتہائی کم تھے، جبکہ جی ڈی پی اور معاشی شرح نمو ساڑھے 7 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013 سے 2017 تک اپنے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے سے بڑھنے نہیں دی اور پاکستانی روپے کی قدر مستحکم رکھی۔ انہوں نے اس کارکردگی پر اسحاق ڈار کو بھی شاباش دینے کی بات کی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دور میں گلگت سے سکردو تک ہائی وے تعمیر کی گئی جس پر 50 ارب روپے لاگت آئی۔ انہوں نے لواری ٹنل کو بھی خیبرپختونخوا کا ایک ایسا منصوبہ قرار دیا جس کی تکمیل انہوں نے خود یقینی بنائی، لیکن اس کے باوجود ان کی حکومت ختم کردی گئی۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے کے منصوبے پر عمل درآمد ہو۔