آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے تمام وسائل فراہم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی مکمل تعاون کی یقین دہانی
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ 100 روزہ ترقیاتی پلان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کو ایک مرتبہ پھر آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کا موقع عطا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کی خدمت کا جو موقع ملا ہے، اسے بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جو اعلانات کیے ہیں، ان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور جو بھی وسائل درکار ہوں گے، وہ مہیا کیے جائیں گے۔
شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور حکومت کو وفاق کی جانب سے جس چیز کی ضرورت ہوگی، وہ فراہم کرنے کے لیے حاضر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے تاکہ انہیں عملی طور پر محسوس ہو کہ ان کی حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کام کررہی ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا آغاز مکمل شفافیت کے ساتھ کریں گے اور انہیں مقررہ اہداف کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا ہے، جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عظیم کشمیری رہنما جیلوں میں قید ہیں، ہم انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں تعلیمی سہولتوں کے فروغ کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، پولیس اصلاحات اور عوام تک حکومتی رسائی بہتر بنانے پر زور دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کررہی ہے بلکہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی ہر وقت دستیاب ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خوشی ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کررکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے منتظر تھے تاکہ وہ آئیں اور اپنے وعدوں کے مطابق ترقیاتی پروگرام کا آغاز کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی میں حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ شامل رہنے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔