ٹرمپ چین پہنچ گئے، شی جن پنگ اور پیوٹن سے سہ فریقی ملاقات متوقع
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر شین زن پہنچ گئے، جہاں وہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (اپیک) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکی صدر کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر شی جن پنگ نے شین زن پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کیا۔ صدر ٹرمپ اپیک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں علاقائی اور عالمی اقتصادی امور زیر بحث آنے کی توقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل جمعرات کو اپیک اجلاس کی سائیڈ لائن پر روسی اور چینی صدور سے ملاقات کریں گے، جس میں تینوں ممالک کے درمیان اہم عالمی معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مجوزہ سہ فریقی ملاقات سے اہم فوائد حاصل ہونے کی توقعات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سہ فریقی ملاقات کے دوران جوہری تخفیف اسلحہ، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ، ایران کی صورتحال اور عالمی تجارت سے متعلق وسیع تر امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق تینوں صدور عالمی امن اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ متوقع ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ایران اور یوکرین میں جنگیں جاری ہیں، جبکہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بھی برقرار ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہوگی۔