World

بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہو کر 32 رہ گئی، برطانوی جریدہ

بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہو کر 32 رہ گئی، برطانوی جریدہ
۷ گھنٹے پہلے

برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ انٹرنیشنل نے بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد 36 سے کم کرکے 32 بتائی ہے۔

 

جریدے کی سالانہ ڈائریکٹری کے مطابق بھارتی فضائیہ کے فعال فضائی بیڑے میں اب 32 رافیل لڑاکا طیارے شامل ہیں، جبکہ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم سے قبل ان طیاروں کی تعداد 36 بتائی گئی تھی۔

 

رپورٹ میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے بعد پاکستان کے اس دعوے پر ایک بار پھر توجہ مرکوز ہوگئی ہے کہ مئی 2025 کی فوجی جھڑپوں کے دوران پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے چار رافیل طیارے مار گرائے تھے۔ تاہم صرف طیاروں کی تعداد میں کمی سے ان کے کم ہونے کی وجہ کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوتی۔

 

بھارت نے 2016 میں فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب 80 کروڑ ڈالر تھی۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے حال ہی میں مزید 114 رافیل طیارے خریدنے کا آرڈر بھی دیا ہے۔

 

مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والے فوجی تصادم کے دوران دونوں ممالک نے لڑاکا طیاروں، میزائلوں، توپ خانے اور ڈرونز کا استعمال کیا تھا۔

 

جنگ کے فوری بعد پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فضائیہ نے بھارت کے کم از کم چھ لڑاکا طیارے مار گرائے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ تاہم بھارت نے چھ طیارے گرائے جانے کے پاکستانی دعوے کی تردید کی تھی، البتہ کچھ طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا تھا۔

 

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اس وقت فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس عہدیدار نے بھی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کا کم از کم ایک رافیل لڑاکا طیارہ تباہ ہوا تھا۔

 

پاکستان ایئر فورس نے رواں سال مئی میں ایک بریفنگ کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ جنگ میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل، ایک سخوئی 30، ایک مگ 29، ایک میراج 2000 اور ایک کثیرالمقاصد بغیر پائلٹ فضائی نظام کو تباہ کیا گیا تھا۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران لڑاکا طیارے گرائے جانے کا متعدد بار ذکر کرچکے ہیں۔ فروری میں دیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے گرائے گئے طیاروں کی تعداد 10 بتائی تھی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں