ایران سے کشیدگی کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ اسرائیل پہنچ گئے، اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقاتیں
تل ابیب: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے دوران اسرائیل پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اسرائیلی فوج کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوجی کمانڈر کا دورہ بدھ کو طے تھا، تاہم اسرائیلی میڈیا نے منگل ہی کو ان کی اسرائیل آمد کی اطلاع دے دی تھی۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے ایک صحافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ اسرائیلی فوجی حکام سے مذاکرات کریں گے اور خطے کے دیگر ممالک کا دورہ بھی کریں گے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امریکا اور اسرائیل کے درمیان فوجی تعاون، سکیورٹی رابطوں اور ایران سے متعلق ممکنہ آئندہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی فوجی کمانڈر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ نئی فوجی کارروائیوں کے پیش نظر اسرائیلی فوج کو چوکس رہنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے سربراہ کرٹ رینشا نے بھی اسرائیلی بحریہ کے حکام سے ملاقات کی تھی، جس میں مختلف محاذوں پر بحری کارروائیوں اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون پر بات چیت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ رپورٹ کے مطابق مارچ میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے مشیروں اور اعلیٰ فوجی قیادت کے ہمراہ جاں بحق ہوگئے تھے۔
ان حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز بند کردی گئی تھی، جس کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اگرچہ امریکی اور اسرائیلی فوجی حکام کے درمیان ایران اور علاقائی سلامتی سے متعلق بات چیت ہوئی، تاہم ان ملاقاتوں کی اطلاعات سے کسی نئے حملے کی باقاعدہ منظوری کی تصدیق نہیں ہوتی۔