دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا کے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 74 رنز، پاکستان کو 227 رنز کی برتری
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنالیے، جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے خلاف 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے پاسندو سوریا 18 اور دھننجایا ڈی سلوا 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس 16 اور لاہیرو اڈارا 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال، ثاقب خان اور رضا اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کرکے سری لنکن بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 227 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کیا۔ اس وقت اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اذان اویس دوسرے روز کے آغاز میں ہی اپنے انفرادی سکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے، جبکہ سعود شکیل 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ثاقب خان نے 37 اور سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے۔
کھانے کے وقفے تک پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنالیے تھے اور اسے سری لنکا کے خلاف 123 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
کھانے کے وقفے کے بعد عامر جمال 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ غازی غوری نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ رضا اللہ نے 42 رنز کا اضافہ کیا اور محمد عباس 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور اسے 227 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔
واضح رہے کہ میچ کے پہلے روز طیب عارف 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم نے 8، 8 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، تاہم پاکستانی فاسٹ باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے مہمان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔