ارجنٹائن میں فٹبال میچ کے دوران گیند سر پر لگنے سے 18 سالہ کھلاڑی جاں بحق
ارجنٹائن میں فٹبال میچ کے دوران حریف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے کلیئر کی گئی گیند سر پر لگنے کے باعث 18 سالہ نوجوان فٹبالر جان کی بازی ہار گیا۔
ابیل نونیز نامی نوجوان کھلاڑی ایف سی ایزائزا کی جانب سے حریف ٹیم ڈیپورٹیوو منیز کے خلاف میچ کھیل رہا تھا کہ اس دوران مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کی جانب سے زور سے کلیئر کی گئی گیند اس کے سر پر جا لگی۔
گیند لگنے کے فوراً بعد نوجوان فٹبالر گراؤنڈ میں ہی بے ہوش ہوکر گر پڑا، جس کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے نوجوان کھلاڑی کی جان بچانے کے لیے آپریشن بھی کیا، تاہم تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے کے عینی شاہد کرسٹیان رومپانی نے بتایا کہ میچ کافی پُرسکون تھا، تاہم کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان گیند کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے کچھ سخت مقابلہ جاری تھا۔
ایک اور عینی شاہد نے نوجوان فٹبالر کے اچانک زمین پر گرنے کے منظر کو باکسنگ مقابلے میں کسی کھلاڑی کے ناک آؤٹ ہونے سے تشبیہ دی۔