راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کا شاندار کم بیک، پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری
راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 309 رنز بنا لیے اور 82 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
سری لنکن ٹیم نے تیسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم 99 کے مجموعی سکور پر دھننجیا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
134 رنز پر پاسندو سوریا بندارا بھی غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سری لنکن بیٹنگ لائن مزید دباؤ میں آگئی۔
کھانے کے وقفے کے بعد کپتان کوشال مینڈس اور سونل دینوشا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 81 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ کوشال مینڈس 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ دینوشا نے مزاحمت جاری رکھی۔
چائے کے وقفے کے بعد سونل دینوشا کی 54 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ پرباتھ جے سوریا ایک اور لاہیرو کمارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں ملن رتھنائیکے نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 60 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ اسیتھا فرنانڈو 2 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رضا اللہ اور محمد عباس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ثاقب خان اور سلمان علی آغا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قومی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب ثاقب خان وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے۔ انجری کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے اور اب میچ میں مزید بولنگ نہیں کرا سکیں گے۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنائے تھے اور 227 رنز کی بڑی برتری حاصل کی تھی۔
پاکستانی اننگز میں غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ اذان اویس نے 47، طیب عارف نے 46 اور رضا اللہ نے 42 رنز سکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں لاہیرو کمارا نے 5 اور اسیتھا فرنانڈو نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ ملن رتھنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
تیسرے روز کے اختتام پر سری لنکا کو 82 رنز کی برتری حاصل ہے، تاہم پاکستان کو مہمان ٹیم کی دوسری اننگز سمیٹنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔