بال ٹیمپرنگ سکینڈل ، بینکرافٹ کے نئے انکشافات پر پیٹ کمنز اپنے مؤقف پر قائم
آسٹریلوی کرکٹ میں 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، کیمرون بینکرافٹ کی جانب سے 4 ہزار الفاظ پر مشتمل تفصیلی بیان سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے واقعے سے لاعلمی کے اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔
کیمرون بینکرافٹ نے اپنے بیان میں جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ الزبتھ اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے متعلق کئی اہم تفصیلات بیان کی ہیں۔
بینکرافٹ کے نئے انکشافات عثمان خواجہ کے اس دعوے کی بھی تائید کرتے ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ کے معاملے کا علم تھا۔
اس بیان کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ سوالات سامنے آئے ہیں کہ واقعے سے متعلق ٹیم کے دیگر کھلاڑی کس حد تک آگاہ تھے اور آیا تمام حقائق ٹیم کے اندر پہلے سے معلوم تھے۔
تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بال ٹیمپرنگ کے واقعے سے لاعلمی کے اپنے سابقہ مؤقف کو برقرار رکھا ہے۔
کمنز کے ایجنٹ نیل میکسویل نے کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ کمنز گزشتہ آٹھ برس سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان کے بیان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
نیل میکسویل کے مطابق پیٹ کمنز نے اس تنازعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی ساکھ بحال کرنے کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔