سندھ اسمبلی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیمی بل منظور کرلیا، مقدمات کی منتقلی اور ججز کی تعیناتی کا طریقہ تبدیل
سندھ اسمبلی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیمی بل منظور کرلیا، جس کے تحت انسداد دہشت گردی عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے، ان کی منتقلی اور ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
منظور شدہ ترمیمی بل کے مطابق جن علاقوں میں ایک سے زائد انسداد دہشت گردی عدالتیں قائم ہوں گی، وہاں ایک انچارج جج نامزد کیا جائے گا۔
بل کے تحت متعلقہ علاقے کے تمام مقدمات ابتدائی طور پر انچارج جج کی عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔
ترمیمی بل کے مطابق انچارج جج کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ مقدمات کی سماعت خود کرے یا انہیں کسی دوسری انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو منتقل کردے۔
بل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مقدمات میں فرد جرم عائد ہونے سے قبل انہیں دوسری انسداد دہشت گردی عدالت میں منتقل کیا جاسکے گا، تاہم مقدمات کی منتقلی ایک ایک کرکے کی جائے گی۔
دوسری جانب ترمیمی بل کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار کے مطابق نامزد ججز کے پینل پر 10 ورکنگ ڈیز کے اندر اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں محکمہ داخلہ متعلقہ پینل حکومت کو بھجوائے گا۔