سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو حالات بے قابو ہو جائیں گے، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو صوبوں کی تقسیم اور نظام کی تبدیلی سے متعلق بیانات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا صرف چیئرمین پی سی بی کو ان معاملات پر بات کرنے کا حق حاصل ہے؟ انہوں نے انتخابی اصلاحات کے بعد 6 ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم سے متعلق مجوزہ اقدامات پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زور زبردستی صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات اس قدر خراب ہوسکتے ہیں کہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی خود ان کے پاس حالات سنبھالنے کی درخواست لے کر آئیں گے۔
نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے قیام اور موجودہ سیاسی و انتظامی نظام میں تبدیلی سے متعلق تجاویز پر محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے سے متعلق اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی بات کو قتل کی دھمکی سمجھنا درست نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا لوگ ان کی والدہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور ان کی جماعت کی تاریخ سے واقف نہیں؟ کیا انہوں نے کبھی کسی کو قتل کی دھمکی دی ہے؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ وہ کسی کو دھمکی نہیں دے رہے تھے بلکہ ممکنہ خطرات سے خبردار کررہے تھے۔ ان کے مطابق سندھ کی زبردستی تقسیم کی کوشش سے ایسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں جن پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاہور میں میڈیا چلانے والے افراد اور کاروباری شخصیات کو سندھ کے حالات، تاریخ اور حساس معاملات کا مکمل اندازہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کی تقسیم کے معاملے پر بدامنی پھیلی تو آگ اس قدر بڑھ سکتی ہے کہ محسن نقوی خود ان کے پاس بھاگتے ہوئے آئیں گے اور کہیں گے کہ حالات سنبھالیں، صورت حال بہت مشکل ہوچکی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال میں وہ بھی ہاتھ کھڑے کرکے کہہ سکتے ہیں کہ اب وہ کیا کرسکتے ہیں، کیونکہ حالات قابو سے باہر ہوچکے ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینلز کو دیے گئے انٹرویوز میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سسٹم کولیپس، سسٹم ری سیٹ اور ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بنانے کی بحث انہوں نے شروع نہیں کی۔ اگر یہ بحث چھیڑی گئی ہے تو اس میں مختلف آرا سامنے آئیں گی اور انہیں بھی اپنی رائے دینے کا اتنا ہی حق ہے جتنا بحث شروع کرنے والوں کو حاصل ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر کسی صوبے کو تقسیم کرنے کی بات ہورہی ہے تو کیا اس پر بولنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے اور وہ خاموش ہوکر گھر چلے جائیں؟ ایسا ممکن نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر محسن نقوی یہ کہہ سکتے ہیں کہ سسٹم کولیپس کرچکا ہے تو کیا دوسرے سٹیک ہولڈرز کو اپنی رائے دینے کا حق نہیں؟ ان کے مطابق اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ عمل سیاسی اور جمہوری ہونا چاہیے اور تمام سیاسی قوتوں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اس میں شامل کیا جانا ضروری ہے۔
سندھ کی تقسیم سے متعلق اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کی بات کو دھمکی نہ سمجھا جائے، وہ دھمکی نہیں دے رہے تھے بلکہ خطرے کی گھنٹی بجا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر زور زبردستی سندھ کی تقسیم کی گئی تو صوبے میں ایسی آگ لگ سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہوگا۔ ان کے مطابق سندھ میں لسانی بنیادوں پر ماضی میں کشیدگی رہی ہے، اس لیے غیرآئینی طریقے سے تقسیم کی کوشش سے امن و امان کی صورت حال شدید خراب ہوسکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ محسن نقوی کو سندھ کا نقشہ دکھا کر ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص اور سجاول کے بارے میں پوچھا جائے تو وہ ان علاقوں کی نشاندہی نہیں کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تقسیم کی بات کرنے والے سندھ کی تاریخ اور وہاں کے حالات سے پوری طرح واقف نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو نے محسن نقوی، مصطفیٰ کمال اور دیگر رہنماؤں کو دعوت دی کہ وہ سندھ کی تقسیم کے لیے ریفرنڈم کی مہم چلانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کوئی سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر کراچی سے سجاول اور بدین تک جائے تو کیا امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ڈی جی رینجرز، آئی ایس آئی اور سپیشل برانچ سے رپورٹس حاصل کرلی جائیں کہ آیا سندھ میں اس نوعیت کا غیرآئینی عمل پُرامن انداز میں ممکن ہے یا نہیں۔
بلاول بھٹو نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہاں ایسے حالات موجود ہیں کہ پُرامن ریفرنڈم کرایا جاسکے؟
انہوں نے ریفرنڈم کی تجویز کو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران پیدا ہونے والے آئینی تنازع سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت آرٹیکل 5 کا حوالہ دے کر اسمبلی تحلیل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان کے مطابق آئین میں نئے صوبے بنانے کا طریقہ واضح ہے اور اس کے لیے غیرآئینی راستہ اختیار نہیں کیا جاسکتا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر پنجاب اسمبلی کے سپیکر ریفرنڈم کے حامی ہیں تو پہلے پنجاب اسمبلی میں اس حوالے سے فیصلہ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی پنجاب اسمبلی کے آئینی فیصلے کا ساتھ دیں گے، تاہم پنجاب کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن، حکومتی اتحادی اور بعض حکومتی ارکان بھی حالیہ انتخابات اور انتخابی عمل کی ساکھ پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ ایسی صورت میں ریفرنڈم کی حیثیت کیا ہوگی؟
انہوں نے وفاق کے مالی وسائل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاق قومی سلامتی اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لیے صوبوں سے وسائل حاصل کررہا ہے تو پھر ریفرنڈم کے لیے رقم کہاں سے آئے گی؟
آئینی ترامیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم سے لاتعلقی اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق 18ویں آئینی ترمیم کی اصل طاقت سیاسی اتفاق رائے تھا اور وہ 26ویں آئینی ترمیم کو بھی یہی طاقت دلانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشاورت اور تحریک انصاف کی منظوری کے بعد منظور ہوئی، جبکہ 27ویں آئینی ترمیم پارلیمانی اکثریت کی بنیاد پر منظور کی گئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ آئینی عدالت قائم کی گئی اور صوبوں کی برابر نمائندگی یقینی بنائی گئی۔ انہوں نے تجویز دی کہ سیاسی ری سیٹ کے تناظر میں اگر عدالت یا قانون سازی کے ذریعے تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں واپس دینے پر غور کیا جائے تو یہ اعتماد سازی کا ایک قدم ہوسکتا ہے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ قانونی صورت حال میں اگر پیپلز پارٹی اپنی مخصوص نشستیں چھوڑ بھی دے تو وہ خودبخود تحریک انصاف کے حصے میں نہیں جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر کسی دوسرے مقصد کے لیے پیش کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوامی اور معاشی مسائل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملانا ہوگا۔ انہوں نے پارلیمان سمیت دیگر فورمز پر معیشت اور عوامی مسائل پر مؤثر بحث نہ ہونے کو شرمناک قرار دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے پاس آئینی عہدے اور حکومتیں موجود ہیں، اس لیے وہ بھی سٹیک ہولڈر ہیں اور وفاقی حکومت کو ان کی بات سننی چاہیے۔
خیبرپختونخوا کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے صوبے میں گورنر راج لگنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ دہشت گردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، تاہم وہ تحریک انصاف سے مذاکرات اور اتفاق رائے کے خواہاں تھے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے سیاسی گنجائش پیدا کرنا جمہوری ری سیٹ کا حصہ ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی سے بات چیت وہاں سے دوبارہ شروع کی جاسکتی ہے جہاں گورنر راج سے پہلے پہنچی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ معاہدہ کرنے کی پوزیشن میں تھی۔
تشدد سے متعلق سوالات پر بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ اسلحہ اٹھانے کی تاریخ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی رہی ہے، پیپلز پارٹی کی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتھیار اور تشدد نہ پیپلز پارٹی کا ماضی ہیں، نہ حال اور نہ مستقبل۔ انہوں نے کہا کہ 80 اور 90 کی دہائی میں سندھ میں جو حالات تھے، ان کے بعد صوبے میں امن قائم کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پہلے شہر میں ڈرائیونگ کے دوران خلاف ورزیوں پر چالان نہیں ہوتے تھے، لیکن اب کیمروں کے ذریعے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا کراچی جیسا کوئی دوسرا شہر ہے جہاں چار مختلف ادارے انتظامی معاملات چلاتے ہوں؟ ان کے مطابق پہلے شہر میں کیمرے نہ ہونے پر تنقید ہوتی تھی اور اب کیمرے لگنے اور چالان ہونے پر اعتراض کیا جارہا ہے۔
سندھ حکومت کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس کا فیصلہ عوام انتخابات میں کریں گے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سندھ کے تعلیمی نظام کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں اور سیلاب کے باعث 50 فیصد سکولوں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ بار بار آنے والی قدرتی آفات نے سندھ کے تعلیمی نظام کو متاثر کیا، جبکہ صوبائی حکومت متاثرہ تعلیمی اداروں کی دوبارہ تعمیر کررہی ہے۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی کے مطابق صوبوں کو ایک دن کے لیے بھی مکمل حقوق نہیں دیے گئے۔ ان کے مطابق سندھ کو پٹرولیم لیوی کی مد میں اب تک 1.7 کھرب روپے نہیں ملے، جو تعلیم اور سیف سٹی منصوبے پر خرچ کیے جاسکتے تھے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی ترجیحات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے لاہور پر وسائل خرچ کرنے اور باقی پنجاب کو نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر یونیورسٹی روڈ تعمیر نہیں ہوئی تو کیا اس بنیاد پر آئینی طریقہ کار چھوڑ کر صوبے کی تقسیم کے لیے ریفرنڈم کرایا جائے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ ایسا ریفرنڈم کیسے قابل قبول ہوگا جس میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کی رائے کے بجائے دوسرے علاقوں کے ووٹوں سے صوبوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کی جائے؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت اپنی کارکردگی پر پراعتماد ہے اور جب بھی سندھ کے عوام کو موقع ملتا ہے تو وہ دوسری جماعتوں کو مسترد کرکے پیپلز پارٹی کو منتخب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کے آغاز سے مسلسل یہ مؤقف اختیار کررہے ہیں کہ سیاسی لڑائی کے بجائے مذاکرات پر توجہ دی جانی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ ریفرنڈم کرانے کے بجائے آئندہ 6 ماہ میں انتخابی اصلاحات مکمل کرکے نئے عام انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دوبارہ انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی حمایت حاصل کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔