Pakistan

پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
۱ منٹ پہلے

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور صوبے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کو بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا، جہاں آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔

 

دورے کے آغاز پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے تربت میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورت حال، سکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

بریفنگ میں فیلڈ مارشل کو بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز اور ان میں حاصل ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو صوبے میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کی پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

 

دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ آپریشنل تیاریوں اور مادر وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

 

انہوں نے مشکل سکیورٹی اور آپریشنل حالات میں ذمہ داریاں انجام دینے والے فوجی اہلکاروں کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور فرائض کی انجام دہی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود پاک فوج کے افسران اور جوان مادر وطن کے دفاع کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

انہوں نے بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مسلسل حصول کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور صوبے میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں