World

ریاض پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ، سعودی عرب کی یمن میں طویل جنگ کی تیاری

ریاض پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ، سعودی عرب کی یمن میں طویل جنگ کی تیاری
۱ منٹ پہلے

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے کو سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم واقعے کے بعد ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور میزائل کا ملبہ گرنے سے املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سعودی عرب یمن میں حوثیوں کے خلاف اپنی عسکری مہم مزید تیز کرنے اور جنگ کو 2027 تک جاری رکھنے کی تیاری کررہا ہے۔

 

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم نقصان کی نوعیت اور مجموعی تفصیلات کا تعین کیا جارہا ہے۔

 

اتحاد نے مزید بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی فضا میں تباہ کردیا گیا۔

 

ریاض میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا، تاہم اس وقت خطرے کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

 

بعد ازاں سعودی سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔دوسری جانب حوثیوں کے زیر انتظام یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا نے اطلاع دی کہ سعودی طیاروں نے جمعرات کی صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے کیے۔

 

خبر رساں ایجنسی نے حملوں کی اطلاع تو دی، تاہم ان کی نوعیت، اہداف یا ممکنہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔اس واقعے پر سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔

 

ریاض میں دھماکے کی آواز سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کی اس رپورٹ کے کچھ ہی دیر بعد سنی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے ملاقات کی ہے۔

 

ریاض میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی تعلقات اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

 

سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب حوثی جنگجوؤں نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر اہم تزویراتی علاقوں پر قبضہ کرلیا اور آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی شروع کی۔

 

آبنائے باب المندب عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کا تیل عالمی منڈیوں تک پہنچانے والے بحری جہاز گزرتے ہیں۔

 

یہ آبنائے بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحر ہند سے ملاتی ہے اور عالمی بحری تجارت کے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتی ہے۔اس کی تزویراتی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے یہ سمندری راستہ آبنائے ہرمز کے علاوہ ایک اہم تجارتی گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

 

سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔اس معاہدے کے نتیجے میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں بڑی حد تک کمی آگئی تھی۔

 

سعودی اتحاد یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثیوں کا ملک کے گنجان آباد علاقوں پر کنٹرول ہے۔حالیہ عرصے میں ایران سے منسلک علاقائی گروہ کی حیثیت سے حوثیوں نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف وسیع تر جنگ کے دوران سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔

 

دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے 18 نومبر کو رپورٹ کیا کہ سعودی عرب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری جنگ کو آئندہ برس تک طول دینے اور اپنی عسکری مہم کو مزید تیز کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

 

سعودی منصوبوں پر بریفنگ حاصل کرنے والے دو مغربی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ سعودی حکام اب اس عسکری مہم کو مزید چھ ماہ تک جاری رہتا دیکھ رہے ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق عسکری مہم کو طول دینے کا بنیادی مقصد حوثیوں کے ساتھ کسی بھی ممکنہ مذاکرات سے قبل یمنی اتحادی افواج کے ذریعے زمینی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔

 

رائٹرز کے مطابق ایران کے ساتھ وسیع تر جنگ کے خاتمے کا کوئی بھی معاہدہ یمن کے تنازع میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

 

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں