پاکستان کے ساتھ جنگ میں تباہ 4 بھارتی رافیل طیاروں کے سیریل نمبر جاری، تعداد 36 سے 32 رہ گئی
مئی 2025 کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں اٹھائی جانے والی ہزیمت بھارت کا پیچھا نہیں چھوڑ رہی۔ اب معروف برطانوی دفاعی و ہوابازی جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کی تازہ ترین ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری 2027 میں بھارتی فضائیہ کے فعال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد 36 کے مقابلے میں 32 درج ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ پاکستان کے ساتھ جنگ میں مبینہ طور پر تباہ ہونے والے4 بھارتی رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ان انکشافات کو معرکہ حق میں بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی مزید تائید کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
برطانوی ایوی ایشن میگزین فلائٹ انٹرنیشنل کی رواں ماہ شائع ہونے والی سالانہ ورلڈ ایئرفورسز ڈائریکٹری 2027 میں پاکستان اور بھارت سمیت 161 ممالک کے فوجی طیاروں کے بیڑوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
ڈائریکٹری سے منسوب اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فضائیہ کے فعال بیڑے میں اس وقت 32 رافیل لڑاکا طیارے درج ہیں، جو فرانس سے خریدے گئے مجموعی 36 طیاروں کے مقابلے میں چار کم ہیں۔
بھارت نے 2016 میں فرانس کے ساتھ تقریباً 8.7 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ تقریباً دو دہائیوں کے دوران بھارتی فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کی بڑی خریداریوں میں سے ایک تھی۔
رپورٹس کے مطابق جون 2026 میں بھارتی فضائیہ نے اپنی دستاویزات میں تمام 36 رافیل طیاروں کو فعال قرار دیا تھا۔
تاہم فلائٹ انٹرنیشنل کی تازہ ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال رافیل طیاروں کی تعداد 32 درج ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے اصل 36 طیاروں کے بیڑے کے مقابلے میں چار طیاروں کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔
یہ فہرست مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کے تقریباً 18 ماہ بعد سامنے آئی ہے۔
جریدے کے گزشتہ ایڈیشنز کے تقابلی جائزے کے مطابق 2025 کی ڈائریکٹری میں بھارت کے تمام 36 رافیل طیارے درج تھے، جبکہ 2026 کے ایڈیشن میں یہ تعداد کم ہوکر 35 رہ گئی تھی۔
اب 2027 کی تازہ ڈائریکٹری میں یہ تعداد مزید کم ہوکر 32 درج ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد بھارتی فضائیہ کے رافیل بیڑے کی موجودہ صورت حال پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس کمی کو مئی 2025 کی پاک بھارت فوجی کشیدگی سے اس لیے جوڑا جارہا ہے کہ پاکستان نے اس دوران متعدد بھارتی لڑاکا طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
مئی 2025 میں چار روزہ فوجی تصادم کے دوران پاکستانی فوج نے ابتدائی طور پر اعلان کیا تھا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔
بعد ازاں برطانوی دفاعی و ہوابازی جریدے کی ایرو سے منسوب رپورٹس میں پاک بھارت فوجی تصادم کے دوران چار بھارتی رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ سامنے آیا۔
ان رپورٹس میں مبینہ طور پر تباہ ہونے والے طیاروں کے مخصوص سیریل نمبرز بھی بتائے گئے۔
کی ایرو اور دفاعی ذرائع سے منسوب رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 52 منٹ تک جاری رہنے والی فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیارے تباہ ہوئے تھے۔
ان طیاروں کے سیریل نمبرز BS 001، BS 021، BS 022 اور BS 027 بتائے گئے۔
رپورٹس میں یہ مؤقف بھی پیش کیا گیا کہ بھارتی حکام ان چاروں سیریل نمبرز کے حامل طیاروں کی موجودگی یا فعال ہونے کی تصدیق کے لیے واضح اور آزادانہ طور پر قابل تصدیق تصاویر فراہم نہیں کرسکے۔
فلائٹ انٹرنیشنل کی 2027 کی ڈائریکٹری میں بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہوکر 32 درج ہونے کی اطلاعات نے بھارتی فضائی بیڑے کی موجودہ صورت حال اور مئی 2025 کی فضائی جھڑپ سے متعلق مختلف دعوؤں پر دوبارہ سوالات اٹھائے ہیں۔
رافیل طیاروں کی تعداد میں چار کی کمی اور الگ دفاعی رپورٹس میں چار طیاروں کے سیریل نمبرز سامنے آنے کے بعد مئی 2025 کے پاک بھارت فوجی تصادم میں بھارتی فضائیہ کو پہنچنے والے مبینہ نقصان پر بحث ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرگئی ہے۔