Business

انتھروپک کے 5 ہزار سے زائد ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے

انتھروپک کے 5 ہزار سے زائد ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے
۱ دن پہلے

مصنوعی ذہانت کی معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی انتھروپک کے امریکی سٹاک مارکیٹ میں قدم رکھتے ہی ہزاروں ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے، جبکہ کمپنی کے حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافے سے سینکڑوں ملازمین اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک بن گئے۔

 

2021 میں قائم ہونے والی انتھروپک دنیا کی نمایاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنیوں میں شامل ہے، جو کلاڈ نامی اے آئی اسسٹنٹ تیار کرتی ہے۔ کمپنی نے 19 نومبر 2026 کو امریکی سٹاک مارکیٹ نیسڈیک میں اپنے حصص کی خریدوفروخت شروع کی۔

 

انتھروپک نے ابتدائی عوامی پیشکش، یعنی آئی پی او، کے تحت اپنے حصص کی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی، جس سے کمپنی کی ابتدائی مالیت تقریباً 1500 ارب ڈالر بنی۔ پہلے کاروباری روز اس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1760 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

 

تاہم اس تاریخی پیش رفت کا سب سے حیران کن پہلو کمپنی کے ہزاروں ملازمین کی دولت میں ہونے والا غیر معمولی اضافہ تھا، جن کے پاس موجود حصص کی مالیت کمپنی کے سٹاک مارکیٹ میں آنے کے بعد کروڑوں اور اربوں روپے تک پہنچ گئی۔

 

سی این این کی رپورٹ کے مطابق نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہل کے تخمینوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتھروپک کے مجموعی طور پر 5300 ملازمین میں سے تقریباً 5100 ملازمین، یعنی 96 فیصد، کے پاس موجود کمپنی کے حصص کی مالیت کم از کم 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ تھی۔

 

پاکستانی کرنسی میں 277 روپے فی ڈالر کی مثال سے یہ رقم 27 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

 

صرف یہی نہیں بلکہ کمپنی کے تقریباً 2800 ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ ہو گئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2 ارب 77 کروڑ روپے بنتی ہے۔

 

اس سے بھی زیادہ غیر معمولی مالی فائدہ تقریباً 600 ملازمین کو ہوا، جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 27 ارب 70 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

 

تاہم یہ اعدادوشمار ملازمین کے پاس موجود حصص کی تخمینی مالیت ظاہر کرتے ہیں، نہ کہ انہیں ملنے والی نقد رقم۔ حصص کی قیمت میں تبدیلی، ٹیکس، حصص کی ملکیت سے متعلق شرائط اور فروخت کی پابندیاں ملازمین کو حاصل ہونے والی اصل رقم پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق ملازمین کی دولت میں اس غیر معمولی اضافے کی ایک بڑی وجہ انتھروپک کی انتہائی تیز رفتار ترقی ہے۔ کمپنی 2021 میں قائم ہوئی تھی اور 2024 کے اختتام تک اس کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی۔

 

ستمبر 2026 تک کمپنی کے ملازمین کی تعداد بڑھ کر تقریباً 5300 ہو گئی، جبکہ چند برسوں میں اس کی مارکیٹ ویلیو دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے برابر پہنچ گئی۔

 

ماہرین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ انتھروپک میں ملازمت کے عہدے سے زیادہ کمپنی میں جلد شمولیت اختیار کرنا مالی اعتبار سے فائدہ مند ثابت ہوا۔

 

2023 یا 2024 میں کمپنی کا حصہ بننے والے نسبتاً جونیئر ملازمین کو بھی ان سینئر عہدیداروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مالی فائدہ پہنچا جو 2026 میں کمپنی میں شامل ہوئے۔

 

اس کی وجہ یہ ہے کہ ابتدائی برسوں میں ملازمین کو کمپنی کے حصص نسبتاً کم قیمت پر ملے تھے، جن کی مالیت بعد میں کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ کئی گنا بڑھ گئی۔

 

امریکا میں ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے ملازمین کو تنخواہوں کے ساتھ کمپنی کے حصص بھی فراہم کرتی ہیں۔ اس کا مقصد باصلاحیت افراد کو ملازمت کی جانب راغب کرنا، انہیں زیادہ عرصے تک کمپنی کے ساتھ منسلک رکھنا اور کاروبار کی ترقی میں حصہ دار بنانا ہوتا ہے۔

 

تاہم بہت کم نئی ٹیکنالوجی کمپنیاں اتنے مختصر عرصے میں انتھروپک جیسی ترقی اور غیر معمولی مارکیٹ ویلیو حاصل کر پاتی ہیں۔

 

انتھروپک کے آئی پی او کی ایک اور خاص بات ملازمین کو پہلے ہی کاروباری روز اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرنے کی اجازت دینا تھی۔

 

عام طور پر امریکی کمپنیوں کے آئی پی او کے بعد ملازمین اور دیگر اندرونی حصص یافتگان کو تین سے چھ ماہ تک حصص فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، جسے لاک اَپ پیریڈ کہا جاتا ہے۔

 

تاہم انتھروپک نے اپنے بانیوں کے علاوہ اہل اندرونی حصص یافتگان کو پہلے ہی روز اپنے حصص کا 10 فیصد تک فروخت کرنے کی اجازت دی، جس سے انہیں اپنی دولت کا ایک حصہ فوری طور پر نقد رقم میں تبدیل کرنے کا موقع ملا۔

 

پہلے کاروباری روز کتنے ملازمین نے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے حصص فروخت کیے، اس کی حتمی تعداد سامنے نہیں آئی۔

 

انتھروپک کے زیادہ تر ملازمین امریکی شہر سان فرانسسکو میں مقیم ہیں، جہاں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ترقی پہلے ہی رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔

 

کمپنی کے ہزاروں ملازمین کی دولت میں اچانک اضافے سے سان فرانسسکو میں مہنگے مکانات کی طلب مزید بڑھنے اور رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں پر اضافی دباؤ پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

انتھروپک کے امریکی سٹاک مارکیٹ میں داخلے سے خاص طور پر کمپنی کے ابتدائی ملازمین کے حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ اہل ملازمین کو اپنے حصص کا محدود حصہ پہلے ہی روز فروخت کرنے کا موقع بھی مل گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں