امریکا اور اسرائیل کا ایران پر نئے حملے پر غور، مشترکہ آپریشن کا امکان
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل مستقبل قریب میں ایران کے خلاف ایک نئی فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حملے کی منظوری سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو باخبر ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کو ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت تیزی سے بحال کرنے پر تشویش ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق تہران اپنے فوجی اور جوہری انفراسٹرکچر کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے زیر زمین منتقل کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے ایران پر ممکنہ طور پر کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا، تاہم انہوں نے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج ایران کے ساتھ ممکنہ نئی جنگ کے لیے مکمل تیار ہے اور کسی بھی ایرانی حملے کا فوری جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ پر ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو حکومت ایران کے خلاف امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی آپریشن کو ترجیح دے رہی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ نئی کارروائی کی منظوری دیں گے یا نہیں اور ممکنہ حملے کی نوعیت کیا ہوگی۔
گزشتہ روز چین سے واپسی کے دوران ایک امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران سے متعلق فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کریں گے اور آئندہ سال کے آغاز کے بعد صورت حال کا جائزہ لیں گے۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کسی بھی وقت اپنا مؤقف تبدیل کرسکتے ہیں اور اگر وہ فوجی کارروائی کا فیصلہ کر بھی لیں تو ضروری نہیں کہ اپنے ارادے کو پہلے سے ظاہر کریں۔