Pakistan
کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، اہم مقامات پر پولیس تعینات
کراچی میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے پیشِ نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جبکہ شہر کے مختلف اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی سطح پر پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریڈ زون میں بھی اضافی نفری تعینات ہے۔
کراچی پریس کلب اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں۔
مختلف احتجاجی ریلیوں کے پیشِ نظر ایف ٹی سی پل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ نمائش چورنگی، شاہراہِ قائدین اور گرومندر پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق صدر، ایمپریس مارکیٹ اور شارع فیصل پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔