Entertainment

مہندی میں بھگدڑ سے 2 ہلاکتیں، ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی جیل منتقل

مہندی میں بھگدڑ سے 2 ہلاکتیں، ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی جیل منتقل
۲۱ گھنٹے پہلے

سیالکوٹ کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ سے 2 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

 

پولیس کے مطابق تھانہ موترہ میں درج مقدمہ نمبر 1335/26 کے دونوں نامزد ملزمان کو سخت سکیورٹی میں ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ امانت علی نے کیس کی سماعت کی۔

 

مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کی یہ تیسری عدالتی پیشی تھی۔ اس سے قبل دونوں ملزمان مجموعی طور پر 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہے۔

 

جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر پولیس نے دونوں بھائیوں کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا، جہاں سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے انہیں مزید جسمانی ریمانڈ دینے کے بجائے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔

 

عدالتی احکامات ملنے کے بعد تھانہ موترہ پولیس نے مسٹر پتلو اور کاشف کو سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت جیل منتقل کردیا۔

 

واضح رہے کہ یہ مقدمہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے سے متعلق ہے، جس میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

 

دونوں بھائی مقدمے میں نامزد ملزمان ہیں اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عدالت میں جاری رہے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں