ماں بننے کے بعد زندگی اور فلموں میں کام کرنے کا انداز بدل گیا: عالیہ بھٹ
بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کی پیشہ ورانہ زندگی اور فلموں میں کام کرنے کے انداز میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
ٹائم 100 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے فلموں سے اپنی محبت اور ماں کی ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کے بارے میں گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پسندیدہ کام کرنا اچھا لگتا ہے، لیکن اپنے پیاروں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
اداکارہ کے مطابق ماں بننے کے بعد وہ اپنے پیشہ ورانہ منصوبوں کے لیے وقت مختص کرنے کے معاملے میں زیادہ محتاط ہوگئی ہیں۔
2022ء میں بیٹی کی پیدائش کے بعد عالیہ نے اپنے کیریئر کے حوالے سے زیادہ سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا شروع کردیے۔
دوبارہ فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کرتے وقت انہوں نے واضح کردیا تھا کہ وہ مہینے میں مخصوص دنوں سے زیادہ کام نہیں کرسکتیں۔
عالیہ نے کہا کہ شوٹنگ کے دوران مقام یا روشنی کے انتظامات جیسے عوامل کی وجہ سے اوقات میں تبدیلی کی ضرورت ہو تو وہ تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ مناسب اوقاتِ کار کو نظر انداز کیا جائے۔
انہوں نے فلم سازی کے طریقہ کار کو مزید منظم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شوٹنگ کا واضح شیڈول اور کام کے مقررہ اوقات نہ صرف پروڈکشن کو بہتر بناتے ہیں بلکہ فنکاروں کو پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمہ داریاں نبھانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق وقت پر سیٹ پر پہنچنا، مقررہ وقت پر کام ختم کرنا اور دستیاب وقت میں بہتر انداز سے کام مکمل کرنا زیادہ مؤثر طریقہ ہے۔
عالیہ نے اعتراف کیا کہ ان کی پیشہ ورانہ حیثیت کے باعث پروڈیوسرز زیادہ تعاون کرتے ہیں، تاہم مناسب اوقاتِ کار کی سہولت صرف معروف اداکاروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ پوری فلم انڈسٹری میں اسے معمول بنایا جانا چاہیے۔