Pakistan

نئے صوبوں پر زرداری اور بلاول کی ملاقات ہو چکی،معاملات آئینی طور پر حل ہوں گے، گورنر خیبرپختونخوا

نئے صوبوں پر زرداری اور بلاول کی ملاقات ہو چکی،معاملات آئینی طور پر حل ہوں گے، گورنر خیبرپختونخوا
۴ گھنٹے پہلے

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوچکی ہے، جبکہ تمام معاملات آئینی حدود میں رہتے ہوئے بات چیت سے حل کیے جائیں گے۔

 

صوابی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے 113 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے دور کیا جاسکتا ہے اور کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی۔

 

انہوں نے بتایا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ہے۔ نئے صوبوں سے متعلق مشاورت جاری ہے اور توقع ہے کہ اس معاملے کا بھی قابل قبول حل سامنے آئے گا۔

 

فیصل کریم کنڈی نے پنجاب اور سندھ کے درمیان نہروں کے سابقہ تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ متعلقہ فورم پر حل کرلیا گیا تھا، اسی طرح صوبوں سے متعلق اختلافات بھی بات چیت سے دور کیے جاسکتے ہیں۔

 

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور عوامی مسائل کا حل اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے صحت کے شعبے کے لیے ضروری فنڈز فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں یا صوبوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔ عوامی ترقیاتی منصوبوں کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب ان کے فوائد براہ راست شہریوں تک پہنچیں۔

 

گورنر کے مطابق صوابی کی آبادی تقریباً 19 لاکھ ہے، جہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، باچا خان میڈیکل کمپلیکس، تحصیل سطح کے ہسپتال اور بنیادی مراکز صحت خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم آبادی میں اضافے کے باعث مزید طبی سہولیات کی ضرورت ہے۔

 

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ہسپتال کے نئے بلاک کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا تھا لیکن مقررہ وقت پر مکمل نہ ہوسکا۔ اب تاخیر کا شکار ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

 

انہوں نے نئے بلاک کی تکمیل میں کمشنر مردان ڈویژن، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس سہولت سے ہسپتال میں مریضوں کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

 

گورنر نے واضح کیا کہ صرف عمارتیں تعمیر کرنا کافی نہیں، بلکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی مناسب تعداد، ادویات، ضروری آلات، صفائی اور مریضوں کی شکایات کے مؤثر ازالے کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ صحت کی مشیر نگار جوہر کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا، جبکہ ہسپتال کی کارکردگی جانچنے کے لیے علاج کے معیار اور باقاعدہ نگرانی کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت نگار جوہر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صوابی کا نیا بلاک 10 سال بعد تعمیر ہوا ہے۔افتتاح کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام طبی عملے، آلات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کی نگرانی کے انتظامات کو آگے بڑھائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں