اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ، 40 منٹ ملاقات
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا خصوصی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عارف نے طبی معائنہ کیا، جبکہ دونوں کے درمیان 40 منٹ کی ملاقات بھی کرائی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف طبی معائنے کے لیے گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل میں داخل ہوئے، جہاں جیل ہسپتال کے طبی عملے نے ان کی معاونت کی۔
ڈاکٹر عارف نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا الگ الگ بلڈ پریشر اور آنکھوں کا معائنہ کیا، جبکہ دونوں کی مجموعی صحت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طبی معائنے کا عمل تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران دونوں کا علیحدہ علیحدہ چیک اپ کیا گیا۔ معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں ان کے الگ الگ سیلز میں منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب جیل انتظامیہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی کرائی، جس کے لیے جیل کے کانفرنس روم میں انتظامات کیے گئے تھے۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی کی ملاقات تقریباً 40 منٹ جاری رہی، جس کے بعد انہیں واپس ان کے متعلقہ سیلز میں بھیج دیا گیا۔
طبی معائنے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر عارف اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے۔ جیل ذرائع کی فراہم کردہ تفصیلات میں دونوں کی طبی رپورٹس کے نتائج سامنے نہیں آئے۔