پولیس لائنز میں افسر کی اہلیہ کے 13 سالہ فاطمہ پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی
اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ بچی پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جسم پر زخموں کی تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔
سامنے آنے والی فوٹیج میں فاطمہ کو مبینہ طور پر ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔ تشدد کے دوران بچی کمرے سے باہر نکلتی ہے، تاہم اسے واپس لا کر دوبارہ مارا پیٹا جاتا ہے۔
ویڈیو میں فاطمہ روتی اور تشدد روکنے کی التجائیں کرتی دکھائی دیتی ہے، جبکہ اس کے جسم پر زخموں اور مبینہ طور پر جلنے کے نشانات کی تصاویر بھی منظرعام پر آئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں فاطمہ کی موت سے تقریباً 40 منٹ پہلے ہونے والے تشدد کے مناظر بھی موجود ہیں۔ فوٹیج اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق بچی کو موت سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ پہلے بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے تشدد اور میڈیکل رپورٹ میں درج زخموں کے درمیان مطابقت پائی گئی ہے، تاہم ان شواہد کا حتمی جائزہ تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران لیا جائے گا۔
دوسری جانب عدالتی احکامات کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے گرفتار ملزمہ افشاں کے شوہر، گریڈ 19 کے سینئر پولیس افسر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متعلقہ افسر کو جلد طلب کرکے ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا تاکہ واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے لائے جاسکیں۔
مقدمے میں گرفتار ملزمہ افشاں اور قاری علی پہلے ہی پولیس کی تفتیش میں شامل ہیں۔
تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ اور دیگر متعلقہ شواہد فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد اسے بھی مقدمے کے تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
فاطمہ کی ہلاکت کے مقدمے میں دونوں گرفتار ملزمان کو پیر کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ پولیس مزید شواہد کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔