سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی مانگ لی
بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنی نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ شردھا کپور کی فلم سے ٹکرانے پر اداکارہ سے معافی مانگ لی۔ دونوں فلمیں 4 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم ماتر بھومی (Maatrubhumi) اور شردھا کپور کی فلم ایٹھا (Eetha) کی ریلیز کے لیے ایک ہی تاریخ مقرر ہونے کے باعث باکس آفس پر دونوں فلموں کا براہ راست مقابلہ ہوگا۔
سلمان خان نے بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ شردھا کپور کی فلم پہلے ہی 4 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ ان کی ٹیم نے بھی اپنی فلم کے لیے یہی تاریخ منتخب کرلی، جس پر انہیں افسوس ہوا۔
اداکار کے مطابق اگر انہیں شردھا کپور کی فلم کی ریلیز کے شیڈول کا پہلے سے علم ہوتا تو وہ اپنی فلم اسی روز ریلیز کرنے کا فیصلہ نہ کرتے۔
سلمان خان نے وضاحت کی کہ ان کی فلم ماتر بھومی ابتدا میں 20 نومبر کو ریلیز ہونا تھی، تاہم ایک پریس سکریننگ کے دوران فلم کے ویژول ایفیکٹس میں بعض خامیاں سامنے آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان خامیوں کو دور کرنے اور فلم کے بصری اثرات پر مزید کام کرنے کے لیے ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد نئی تاریخ 4 دسمبر مقرر ہوئی۔
سلمان خان کے مطابق انہوں نے شردھا کپور کو خود فون کرکے ایک ہی دن دونوں فلموں کی ریلیز پر معذرت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شردھا نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ سینما میں دونوں فلموں کے لیے کافی گنجائش موجود ہے۔
دوسری جانب سلمان خان نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 4 دسمبر کو صرف ان کی فلم ہی نہیں بلکہ شردھا کپور کی فلم ایٹھا بھی دیکھیں اور دونوں فلموں کو سپورٹ کریں۔