کوپ 31 مذاکرات ناکام،حیاتیاتی ایندھن اور موسمیاتی فنڈنگ پر عالمی اتفاق نہ ہوسکا
ترکیہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں فوسل فیولز کے استعمال اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے مالی معاونت کے معاملات پر اختلافات برقرار رہے، جس کے باعث شریک ممالک کسی بڑے معاہدے پر اتفاق نہ کرسکے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کانفرنس کے مذاکرات جمعے کو ختم ہونا تھے، تاہم مختلف ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں کے باعث بات چیت اتوار تک جاری رہی۔ طویل مذاکرات کے بعد یہ اقوام متحدہ کی تاریخ کی سب سے طویل موسمیاتی کانفرنس قرار پائی۔
مذاکرات میں بنیادی تنازع حتمی معاہدے کے مجوزہ مسودے پر سامنے آیا، جس میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجہ سمجھے جانے والے فوسل فیولز کا براہ راست ذکر شامل نہیں کیا گیا تھا۔
یورپی یونین، بحرالکاہل کے جزیرہ ممالک اور دیگر فریقوں نے اس مسودے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ ان ممالک کا مؤقف تھا کہ موسمیاتی بحران کی بنیادی وجوہات سے متعلق واضح اقدامات کے بغیر مؤثر معاہدہ ممکن نہیں۔
دوسری جانب ترقی پذیر ممالک نے بھی مجوزہ معاہدے پر تحفظات ظاہر کیے۔ ان کا اعتراض تھا کہ ترقی یافتہ اور امیر ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مالی معاونت کی کوئی واضح اور ٹھوس یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
فوسل فیولز سے متعلق مؤقف اور موسمیاتی فنڈنگ کی ذمہ داریوں پر اختلافات کے باعث مذاکرات کسی جامع نتیجے تک نہ پہنچ سکے، جسے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔
مقررہ وقت سے دو روز زائد جاری رہنے والی بات چیت کے باوجود شریک ممالک بنیادی اختلافات دور کرنے میں ناکام رہے اور فوسل فیولز کے معاملے اور ترقی پذیر ممالک کے لیے مالی امداد پر مشترکہ اتفاق رائے قائم نہ ہوسکا۔