فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات، فوجی تعاون اور سکیورٹی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پوتراجایا میں پردانا پترا کے مقام پر ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سلامتی تعاون اور علاقائی و عالمی سکیورٹی کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون کو اہم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے لیے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے اور ادارہ جاتی سطح پر روابط کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں، فوجی تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سلامتی سے متعلق امور پر مستقل مشاورت کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
سرکاری دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کی وزارت دفاع بھی پہنچے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب میں ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل تان سری حاجی مالیک رزاق سلیمان کے علاوہ ملائیشین آرمی، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عسکری روابط میں اضافے اور پاکستان و ملائیشیا کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے باوقار ہال آف فیم کے 21 ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔