Pakistan

بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار بھٹو نہیں بننے دیں گے، ترجمان اپوزیشن اتحاد

بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار بھٹو نہیں بننے دیں گے، ترجمان اپوزیشن اتحاد
۱ منٹ پہلے

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دیں گے، سابق وزیراعظم نے آخری ملاقات میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے منع کیا تھا۔

 

اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو خطوط لکھے ہیں، جو اب تک متعلقہ حکام تک پہنچ چکے ہوں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ خطوط میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خدشات پر تفصیلی بات کی گئی ہے، جبکہ بانی چیئرمین کے لکھے گئے خط کی نقل اور ہیومن رائٹس کے سربراہ کے انٹرویو کا حوالہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

 

ترجمان اپوزیشن اتحاد کے مطابق ہم نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ذوالفقار علی بھٹو نہیں بننے دیں گے۔ ہم ایک قیدی کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

 

اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ خط میں بشریٰ بی بی کی صحت کو لاحق خطرات کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور ان کے لیے مناسب انتظامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھ کر بانی پی ٹی آئی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آخری ملاقات میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے واضح طور پر منع کیا تھا۔

 

اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی چیئرمین کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ دیا تھا، جس پر عمل درآمد کے لیے خط لکھا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ، جوڈیشل کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے کیس کو لٹکا دیا گیا ہے۔

 

خالد یوسف چوہدری کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر کا خط اور عظمیٰ خان کی پٹیشن بھی مراسلے کے ساتھ منسلک کی گئی ہے۔ بنیادی آئینی اور قانونی حقوق کے لیے تینوں عدالتی فورمز کے سربراہان کو خطوط لکھے گئے ہیں۔

 

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ یہ محض ایک خط نہیں بلکہ پٹیشن ہے، جسے متعلقہ آئینی عہدوں پر موجود شخصیات پٹیشن کے طور پر لیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں