Pakistan

غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب خاندانوں کے لیے کروڑوں گھر بھی تعمیر کرنا پڑے تو کریں گے، عوام کو رہائش سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔

 

اپنا گھر سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وفاق اور صوبوں کو مل کر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کا خواب بانی پاکستان نے دیکھا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک یا دو لاکھ گھروں کی تعمیر کی کوئی حد مقرر نہیں ہونی چاہیے، یہ تعداد تو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ وزیراعظم نے گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارک باد بھی دی۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد میں لوگ اپنی چھت، روزگار اور تعلیم سے محروم ہیں۔ ضرورت پڑی تو غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بنائیں گے۔ افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف تمام وسائل چند لوگوں کے ہاتھوں میں ہیں جبکہ دوسری طرف عوام اپنے گھروں سے محروم ہیں۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے بانی پاکستان نے جدوجہد کی تھی۔ اشرافیہ کو بینکوں کے قرضوں کی ضرورت نہیں بلکہ عام شہریوں کو ہے۔ ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر بنانے کے لیے قرضے فراہم کیے گئے ہیں، وفاق اور صوبوں کو اس سلسلے میں تیزی سے کام کرنا ہوگا۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ سکیم شروع کی گئی تھی، جبکہ ماضی قریب میں بنائی گئی ایک ہاؤسنگ سکیم میں شاہانہ محلوں جیسے گھر تعمیر کیے گئے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں