Pakistan

سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی قتل کیس میں پیش رفت، 3 ملزمان خیبرپختونخوا سے گرفتار

سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی قتل کیس میں پیش رفت، 3 ملزمان خیبرپختونخوا سے گرفتار
۱ منٹ پہلے

حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 3 ملزمان کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کرلیا۔

 

آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 2 گاڑیاں اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ تینوں ملزمان ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ہیں۔

 

آر پی او نے کہا کہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، کسی بھی ملزم کو رعایت نہیں دی جائے گی اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 

خرم شہزاد حیدر کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے ملزمان تک پہنچنے میں کامیابی ملی، قتل کیس میں ملوث باقی ملزمان بھی جلد گرفتار کرلیے جائیں گے۔

 

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کو حافظ آباد میں 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب ڈکیتی کے دوران گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔ مقتول کے محافظوں پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ پولیس نے مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں 4 نامزد ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

 

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبایا اور قتل کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے سونے کے زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لے کر فرار ہوگئے۔

 

مقدمے میں ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا۔ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے تھے۔

 

لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ وہ 2 مرتبہ قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

 

مقتول سابق رکن قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، جبکہ تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں