Pakistan

صدر زرداری کی پرتگال کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز

صدر زرداری کی پرتگال کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز
۱ منٹ پہلے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت، قابل تجدید توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔

 

ایوان صدر اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پاؤلو رانجل سے ملاقات کے دوران صدر زرداری نے پرتگال کو یکم جنوری 2027 سے شروع ہونے والی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پرتگال کو یورپی یونین میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے روایتی ٹیکسٹائل مصنوعات سے آگے بڑھ کر زراعت، پراسیسڈ فوڈز، ادویہ سازی، انجینئرنگ، کھیلوں کے سامان اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

آصف علی زرداری نے تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، نئے مواقع کی نشاندہی اور کاروباری تعاون میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان پرتگال مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری قائم کرنے کی تجویز دی۔

 

صدر مملکت نے تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی، جس میں جامعات کے درمیان شراکت داری، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے اور ٹیکنالوجی کے اداروں و انکیوبیٹرز کے درمیان تعاون شامل ہے۔ انہوں نے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کوچنگ، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگراموں میں مزید تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی۔

 

صدر زرداری نے زرعی تعاون سے متعلق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے قیام کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے لیے پرتگال کی حمایت کو سراہا اور وہاں مقیم پاکستانیوں کی فلاح، معاشرتی انضمام، قونصلر رسائی اور حقوق کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

 

پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو بہترین اور ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں 60 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو مقامی معاشرے میں اچھی طرح ضم ہوچکے ہیں، جبکہ 600 سے زیادہ پاکستانی طلبہ پرتگال میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جن میں درجنوں پرتگالی سکالرشپس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

 

پاؤلو رانجل نے صدر مملکت کو بتایا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زرعی شعبے میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا جاسکے۔

 

پرتگالی وفد میں پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومنگس، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی اینا کوئلہو، وزیر خارجہ کے سفارتی مشیر فلپ رامالہو اورتیگاؤ اور کیتانو زاویئر شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک ہوئے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں