پی ایس ایل 2027 کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2027 کے میچز پشاور میں بھی کھیلے جائیں گے، جبکہ لیگ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ بھی پشاور میں ہوگا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے شہر اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارک باد دی اور اعلان کیا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 مقابلہ بھی پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پشاور کے کرکٹ شائقین طویل عرصے سے اس موقع کے منتظر تھے۔ پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
محسن نقوی نے یقین ظاہر کیا کہ پشاور کے عوام لیگ کا روایتی جوش و خروش اور گرم جوشی سے استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ قبائلی اضلاع کے لیے الگ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جا رہی ہے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ موقع ہے جس کا لیگ اور خصوصاً پشاور کے شائقین گزشتہ 12 برس سے انتظار کر رہے تھے۔ ان کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کا اضافہ لیگ کی ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔