پاکستان کیلئے تاریخی کامیابی، محمد ذیشان علی چین کے شینژو 24 خلائی مشن کیلئے منتخب،کل روانہ ہونگے
چین نے شینژو 24 انسانی خلائی مشن کے عملے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو منتخب کرلیا ہے، جو چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
پاکستان نے شینژو 24 مشن کے لیے محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جنہوں نے چین میں خصوصی تربیت مکمل کی۔ حتمی انتخاب کے بعد محمد ذیشان علی پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر خلائی سٹیشن جائیں گے، جبکہ خرم داؤد متبادل خلا باز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی۔ محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر کئی روز قیام کے دوران سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جس کے بعد شینژو 23 مشن کے دو چینی خلا بازوں کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے۔
محمد ذیشان علی نے تاریخی خلائی مشن میں اپنی شرکت کو محض ذاتی کامیابی کے بجائے پوری پاکستانی قوم کی نمائندگی قرار دیا ہے۔
رواں سال چین کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے پاکستانی امیدوار منتخب ہونے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان سیکھنے، خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنے، صفر کشش ثقل کی تربیت اور سخت جسمانی مشقیں شامل تھیں۔
چین کے سرکاری اخبار شنگھائی ڈیلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ بطور پاکستانی وہ اپنے ساتھ پاکستانی عوام کے خواب خلا میں لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام نے ہم سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور ہم خلا میں مل کر انسانیت کے مستقبل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
شنگھائی ڈیلی کے مطابق محمد ذیشان علی شینژو 24 مشن کے دوران پاکستان کے منتخب کردہ چار سائنسی تجربات اور ٹیسٹ خلا میں انجام دیں گے۔
ایکس پر سی این سپیس کے اکاؤنٹ سے جاری گفتگو میں محمد ذیشان علی نے بتایا کہ فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے انہیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے سنٹری فیوج ٹریننگ، ریسکیو اینڈ سروائیول ٹریننگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سمیت مختلف تربیتی مراحل مکمل کیے، تاہم ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج چینی زبان پر عبور حاصل کرنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں، جس کے باعث انہیں روزمرہ کی چینی زبان کے ساتھ تکنیکی اصطلاحات بھی سیکھنا پڑیں۔
اپنے چینی ساتھی خلا بازوں سے متعلق محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں ایسے ساتھی ملے جو ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں اور کسی بھی صورتحال میں مل کر مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق عملے کے ارکان کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور دوستی پاکستان اور چین کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملک بھر کی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زائد تحقیقی تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چینی ماہرین نے چار سائنسی تجربات کو خلائی مشن کے لیے منتخب کیا۔
یہ تجربات بنیادی طور پر حیاتیاتی سائنس اور بایوٹیکنالوجی سے متعلق ہیں، جن کا مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق کے حوالے سے نئی معلومات حاصل کرنا ہے۔
سائنسی تجربات کی تیاریوں کے ساتھ خلائی مشن کی روانگی کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستانی خلا باز کی مشن میں شمولیت کے پیش نظر چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ شعبے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں، جبکہ محمد ذیشان علی کی غذائی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔
لانچنگ سینٹر کے اہلکار ژاؤ یان کے مطابق روانگی سے قبل آخری مرحلے میں مرکز کے ماحولیاتی حالات اور درجہ حرارت میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ درجہ حرارت اور نمی کی مسلسل نگرانی کے لیے جدید ذہین نظام بھی استعمال کیا گیا ہے تاکہ جانچ اور روانگی کے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جاسکیں۔
چین کے شینژو 24 خلائی جہاز اور لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کو 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ خلائی جہاز بدھ کو بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔
شینژو 24 مشن کی قیادت چینی خلا باز تانگ ہونگ بو کریں گے، جبکہ عملے میں چینی خلا باز وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہوں گے۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان کئی برسوں سے جاری خلائی تعاون کا تسلسل ہے، جس کے تحت چین پاکستانی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیج چکا ہے، جبکہ تقریباً 2028 میں چین کے چانگ ای 8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
چین نے 2022 میں تیانگونگ خلائی سٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی اور اب اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شراکت داری کو وسعت دے رہا ہے۔ چین نے 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف بھی مقرر کر رکھا ہے۔
پاکستان کے پاس فی الحال اپنا انسانی خلائی جہاز یا انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت رکھنے والا راکٹ موجود نہیں، جس کے باعث مشن کے تمام اہم مراحل کے لیے چین پر انحصار کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی خلا باز چینی خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں جائیں گے، چین میں تربیت حاصل کرنے کے بعد چینی ماہرین کی نگرانی میں خلائی سٹیشن پر تحقیقی سرگرمیاں انجام دیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستانی خلا باز تقریباً ایک ہفتہ خلائی سٹیشن پر گزاریں گے، جبکہ چینی خلا بازوں کے قیام کی معمول کی مدت تقریباً چھ ماہ ہوتی ہے۔
محمد ذیشان علی مئی میں خلائی سٹیشن پہنچنے والے چینی عملے کے دو ارکان کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے، جبکہ اس عملے کا تیسرا رکن خلا میں طویل قیام کے انسانی جسم پر اثرات کا مطالعہ کرنے کے لیے تقریباً ایک سال تک سٹیشن پر موجود رہے گا۔
روئٹرز کے مطابق اب تک دنیا کے تقریباً 50 ممالک کے شہری خلا میں جا چکے ہیں، تاہم اپنے تیار کردہ خلائی جہاز کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت صرف روس، امریکہ اور چین کے پاس ہے۔
چین کی جانب سے پاکستان کو اپنے خلائی سٹیشن پر خلا باز بھیجنے کی دعوت دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شینژو 24 مشن کے لیے محمد ذیشان علی کے انتخاب پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے انسانی خلائی مشن میں شامل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز اور تیانگونگ خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
احسن اقبال نے حتمی تربیتی مرحلے تک پہنچنے والے دوسرے پاکستانی امیدوار خرم داؤد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں امیدواروں کا انتخاب پاکستان کے بہترین پائلٹس اور سائنس دانوں میں سے کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر کے مطابق دونوں امیدواروں نے سنٹری فیوج اور سمیولیٹرز کی تربیت، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقوں اور نئی زبان سیکھنے سمیت سخت تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگرچہ محمد ذیشان علی کو خلا میں جانے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، تاہم خرم داؤد نے بھی اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔