Entertainment

نامناسب لباس میں گانا گانے پر ایرانی گلوکارہ اور 4 ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارے گئے

نامناسب لباس میں گانا گانے پر ایرانی گلوکارہ اور 4 ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارے گئے
۱ منٹ پہلے

ایران میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے بغیر حجاب اور ایرانی قوانین کے تحت نامناسب قرار دیے گئے لباس میں گانا گانے والی معروف گلوکارہ پراستو احمدی اور ان کے چار ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارے گئے۔

 

عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 29 سالہ گلوکارہ اور ان کے چار مرد ساتھیوں کو پیر کے روز ایرانی شہر قم میں کوڑوں کی سزا دی گئی۔ پراستو احمدی کے وکیل نے بھی عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی تصدیق کردی ہے۔

 

گلوکارہ کے خلاف مقدمہ دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر نشر کیے گئے ایک آن لائن کنسرٹ کے بعد شروع ہوا تھا۔ اس پرفارمنس میں پراستو احمدی نے حجاب نہیں پہنا تھا، جبکہ ان کے لباس کو ایرانی حکام نے نامناسب قرار دیا تھا۔ کنسرٹ میں مرد موسیقار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

 

رواں سال جون میں قم کی فوجداری عدالت نے گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں کو عوامی اخلاقیات کے منافی مواد تیار اور نشر کرنے کے الزام میں سزا سنائی تھی۔ ستمبر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد عدالتی فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

 

عدالت نے 74 کوڑوں کی سزا کے علاوہ گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں پر دو سال تک موسیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

 

انسانی حقوق کی تنظیموں اور فنکاروں نے سزا پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں