ہمیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں، محسن نقوی اپنی فکر کریں، دھمکیوں سے خاموش نہیں ہونگے، رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، ہمیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، آپ اپنی فکر کریں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ میں تین سال سے ان کی ذات پر تبصرے کر رہا ہوں؟ میں نے کبھی ان کی ذات پر تبصرہ کیا ہے نہ آئندہ کروں گا، البتہ بطور ساتھی وزیر اور سیاسی کارکن ان کی کارکردگی پر بات کرنا میرا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا، کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔ مجھے محسن نقوی اور دیگر وزرا کی رائے کا احترام ہے، تاہم مجھے بھی اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔
محسن نقوی کے منہ چھپانے کے قابل نہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجھے تو منہ چھپانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی، آپ اپنی فکر کریں کہ جب ایسی ضرورت پڑے تو اس قابل ہوں۔ میرے جیسے لوگ دھمکیوں سے خاموش ہونے والے نہیں، جو کام کرنا ہے بسم اللہ کریں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ محسن نقوی نے اپنی تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیر ضروری ریمارکس دیے جن پر میں نے اعتراض کیا۔ میں نے کہا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، لیکن انہوں نے غیر متعلقہ باتیں کرکے معاملہ الجھا دیا، اب یہ متنازع ہوکر پارلیمنٹ میں آئے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کہہ رہے ہیں کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ان سے کسی نے بات ہی نہیں کی، تو محسن نقوی گزشتہ چار ماہ سے کیا کر رہے تھے؟ وہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کو اعتماد میں کیوں نہیں لے سکے؟
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اکثر ایوان صدر میں موجود ہوتے ہیں، میں نے ایک سے زیادہ مرتبہ صدر زرداری کو یہ کہتے سنا ہے کہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں۔ اتنے قریبی تعلقات کے باوجود اگر وہ انہیں بھی اعتماد میں نہیں لے سکے تو یہ ان کی ناکامی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کے بیانات سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، تاہم انہوں نے نئے صوبوں کا معاملہ الجھا دیا ہے۔ انہوں نے ایک بات کی کہ سسٹم گر گیا ہے، جس کے بعد سے اسی پر بحث ہو رہی ہے۔ چار ماہ میں معاملہ متنازع بنایا گیا، چونکہ اس معاملے کو محسن نقوی خود آگے لے کر چلے ہیں، اس لیے انہیں موجودہ صورتحال کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے، جس میں سیاستدانوں اور دیگر لوگوں کا بھی عمل دخل ہے۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا نیک فال ثابت ہوا ہے، ہمیں اپنی سطح پر ہونے والی ناکامیوں پر ردعمل دینے کے بجائے انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔
سیاسی جماعتوں کو کاروباری شخصیات کی جانب سے اربوں روپے کے فنڈز دینے سے متعلق محسن نقوی کے بیان پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں لاکھوں کاروباری افراد ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، میں نے صرف ان چند لوگوں کے بارے میں بات کی تھی جو آپ کے دوست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ تو کسی کو بخار بھی نہ دیں، اربوں روپے کیوں دیں گے؟ اربوں روپے اسی لیے دیے جاتے ہیں کہ بعد میں اربوں روپے کی وارداتیں بھی ڈالنی ہوتی ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتیں اور سیاستدان پیسے لیتے ہوں گے، لیکن میں اپنی اور اپنی جماعت کی بات کرتا ہوں، چیلنج ہے کہ بتائیں ان میں سے کس نے مسلم لیگ ن کو اربوں، لاکھوں یا 100 روپے بھی دیے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے اسی وقت ممکن ہے جب معاملہ پارلیمنٹ میں لاکر اس پر بحث کی جائے۔ محسن نقوی نے معاملے کو غلط انداز میں آگے بڑھایا، انہیں پہلے ہم سے مشاورت کرکے اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر کوئی سمجھوتا یا راستہ نکل سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی ریفرنڈم کی مخالفت اس خدشے کے باعث کر رہی ہے کہ بعد میں معاملہ آئینی عدالت میں لے جایا جائے گا۔ اگر پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی سے بات کی جائے اور اسے یقین دہانی کروائی جائے کہ آئین کے مطابق ہی عمل ہوگا تو عوام سے رہنمائی لینے کے نکتے پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا منصوبہ محسن نقوی خود لے کر چل رہے ہیں، ہم انہیں کیسے کراس کریں؟ اگر صدر زرداری اور بلاول بھٹو سے بھی میں نے ہی بات کرنی ہے تو محسن نقوی نے کس سے بات کرنی ہے؟ کیا انہوں نے صرف دھمکیاں دینی ہیں؟ وزیراعظم نے جو مؤقف اختیار کیا ہے، اسی سے آگے کا راستہ نکل سکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 30 جولائی کو جب محسن نقوی نے پہلی مرتبہ نئے صوبوں کی بات کی تھی تو میں نے اسی روز کہا تھا کہ اس معاملے کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے۔ اب معاملہ بہت سی خرابیوں کے بعد پارلیمنٹ کی طرف جا رہا ہے، اگر پہلے روز ہی اسے پارلیمنٹ میں لایا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آنے پر مسلم لیگ ن اور وزیراعظم شہباز شریف بھرپور کردار ادا کریں گے، تاہم ہمارا بنیادی ہدف اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔