Pakistan

سوئی گیس کمپنیوں کی تنظیم نو کا منصوبہ تیار، تقسیم کرکے 6 سے 8 ادارے قائم کرنے کی تجویز

سوئی گیس کمپنیوں کی تنظیم نو کا منصوبہ تیار، تقسیم کرکے 6 سے 8 ادارے قائم کرنے کی تجویز
۱ منٹ پہلے

وفاقی حکومت نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی تنظیم نو کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت دونوں کمپنیوں کو تقسیم کرکے 6 سے 8 چھوٹے ادارے قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت گیس کی ترسیل، تقسیم اور فروخت کے شعبوں کو الگ کیا جائے گا، جس کا مقصد گیس کے شعبے میں اجارہ داری کا خاتمہ، مسابقتی مارکیٹ کا قیام اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

 

پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کے مطابق اصلاحاتی منصوبے کی سمری اصولی منظوری اور رہنمائی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کردی گئی ہے۔

 

وزیراعظم سے یہ فیصلہ کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے کہ منصوبے کی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ، مشترکہ مفادات کونسل یا پارلیمنٹ سے حاصل کی جائے۔

 

گیس کمپنیوں کی تنظیم نو کا منصوبہ عالمی بینک، کے پی ایم جی اور ووڈ میکنزی کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی اس معاملے پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔

 

حکام کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو منصوبے کے آئینی، قانونی، مالیاتی اور ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے میں معاونت فراہم کریں گے۔

 

اس عمل کی تکمیل میں 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں، جبکہ اصلاحاتی منصوبے پر عملی پیش رفت 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 

منصوبے کے تحت دونوں سوئی گیس کمپنیوں کے ترسیلی اور تقسیمی نظام کو گیس کی خرید و فروخت اور مارکیٹنگ کے کاروبار سے الگ کیا جائے گا، تاکہ گیس نیٹ ورک چلانے والے اداروں کا گیس کی فروخت میں براہ راست کاروباری مفاد نہ رہے۔

اس اقدام سے نجی کمپنیوں کو بھی گیس کی فراہمی کے کاروبار میں مسابقت کا موقع ملے گا۔

 

پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم 4 گیس سپلائی کمپنیاں قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جن میں سے 2 مسابقتی کمپنیاں تجارتی اور صنعتی صارفین کو گیس فراہم کریں گی، جبکہ 2 ریگولیٹڈ ادارے گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کریں گے۔

 

سوئی گیس کمپنیوں کو پہلے سال اپنے سپلائی اور صارفین کے پورٹ فولیو کا 20 فیصد حصہ مسابقتی کمپنیوں کے لیے کھولنا ہوگا، جس میں آئندہ 2 سال تک سالانہ 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 60 فیصد مارکیٹ مسابقت کے لیے دستیاب کرنے کا ہدف ہے۔

 

گیس کے شعبے میں 3 ہزار ارب روپے سے زائد کا گردشی قرضہ ایک خصوصی ادارے کو منتقل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس ادارے کے اخراجات صارفین کے گیس بلوں میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے سرچارج عائد کرکے پورے کیے جائیں گے۔

 

مالیاتی تخمینوں کے مطابق ایس این جی پی ایل کے ترسیلی اور مسابقتی سپلائی کے شعبوں کو بالترتیب 24 ارب اور 36 ارب روپے منافع ہونے کی توقع ہے، تاہم گھریلو صارفین کے شعبے کو 158 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

 

خسارے پر قابو پانے کے لیے گیس کی قیمتوں میں بتدریج اضافے اور گھریلو صارفین کے بلنگ سلیب 12 سے کم کرکے ایک کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مستحق صارفین کو براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

 

ایس ایس جی سی کے گھریلو صارفین کے شعبے کو بھی 59 ارب روپے خسارہ متوقع ہے، جبکہ ترسیلی اور مسابقتی سپلائی کے کاروبار سے بالترتیب 27 ارب 40 کروڑ اور 19 ارب 60 کروڑ روپے منافع ہونے کا امکان ہے۔

 

مجوزہ منصوبے کے تحت مالی سال 2027 سے 2032 تک ایس این جی پی ایل کو 736 ارب روپے اور ایس ایس جی سی کو 390 ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ مطلوبہ سرمایہ کاری کے لیے کے الیکٹرک کی طرز پر کئی سالہ ٹیرف کا نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی منصوبے میں شامل ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں