پاکستان میں برطانوی حکومت سے پنشن لینے والی آخری خاتون انتقال کرگئیں
پاکستان میں برطانوی حکومت سے پنشن وصول کرنے والی آخری خاتون جنت خاتون قائم خانی سندھ کے شہر جھڈو میں 107 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت خاتون قائم خانی 1919 میں غیر منقسم ہندوستان کے علاقے راجستھان کے ضلع جھنجھنو میں پیدا ہوئی تھیں اور بعد ازاں سندھ کے شہر جھڈو میں سکونت اختیار کی۔ بعض مقامی رپورٹس میں ان کی عمر 108 برس بھی بتائی گئی ہے۔
جنت خاتون کے شوہر عبدالشکور قائم خانی برصغیر میں برطانوی دور حکومت کے دوران 17ویں پونا ہارس رجمنٹ میں بطور سپاہی خدمات انجام دیتے تھے۔
عبدالشکور قائم خانی کے انتقال کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے ملنے والی پنشن ان کی بیوہ جنت خاتون کو منتقل کردی گئی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ذریعے یہ پنشن وصول کر رہی تھیں۔
مرحومہ جھڈو ٹاؤن کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین عمر دراز قائم خانی کی والدہ تھیں۔
جنت خاتون قائم خانی کی نماز جنازہ گزشتہ روزجھڈو کی مرکزی عیدگاہ میں ادا کی گئی، جس میں اہل خانہ، عزیز و اقارب، سیاسی و سماجی شخصیات اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔